Thursday, April 25, 2024

انسٹاگرام کا نامناسب اور نسلی منافرت پر مبنی مواد کی روک تھام کیلئے نئے اقدامات کا اعلان

انسٹاگرام کا نامناسب اور نسلی منافرت پر مبنی مواد کی روک تھام کیلئے نئے اقدامات کا اعلان
August 12, 2021 ویب ڈیسک

کیلیفورنیا (92 نیوز) سوشل میڈیا ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنے پلیٹ فارم پر نامناسب اور نسلی منافرت پر مبنی مواد کی روک تھام کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام نے کہا ہے کہ نامناسب اور جارحانہ نوعیت کے تبصرے کرنے والے صارفین کو ’سخت وارننگ‘ دی جائے گی اور ایک نیا فیچر بھی متعارف کیا جا رہا ہے جس کے تحت صارفین گالیوں پر مشتمل تبصرے حذف کر سکیں گے۔

فیس بک کی ملکیت تصاویری پوسٹ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو یورو کپ فائنل کے بعد برطانوی فٹبالرز کو نسلی منافرت کے تبصروں پر مشتمل مہم کا نشانہ بنائے جانے پر سخت تنقید کا سامنا تھا۔

انسٹاگرام نے کہا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو نئے فیچر کے تحت یہ آپشن بھی دے گا کہ وہ کسی بھی پوسٹ پر بہت زیادہ توجہ آنے پر صارفین کے اس پر تبصروں اور میسجز کو محدود کر سکیں۔

برطانوی فٹبالرز پر نسلی اور نفرت انگیز تبصروں کی سیاست دانوں اور عوامی حلقوں نے سخت مذمت کی تھی جس کے بعد فیس بک اور ٹوئٹر پر دباؤ بڑھا تھا اور کئی اکاؤنٹس بند کیے گئے تھے۔

انسٹاگرام کے چیف ایڈم موسیری نے کہا ہے کہ نئے اقدامات اس طریقے سے لیے جا رہے ہیں کہ نسلی منافرت اور جنسی توہین کے مواد کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

ایڈم موسیری کے مطابق ’ہماری ریسرچ سے یہ نتائج سامنے آئے ہیں کہ عوامی شخصیات کے خلاف زیادہ تر منفی مواد ہو صارفین پھیلاتے ہیں جو ان شخصیات کو فالو نہیں کرتے یا جنہوں نے کچھ ہی عرصہ قبل فالو کیا ہوتا ہے۔ کئی افراد وقتی جذبات میں ایسا مواد شیئر کرتے ہیں۔‘