Tuesday, April 23, 2024

انسداد پولیو کے قطرے بچوں کو ضرور پلائیں ، ڈاکٹرز،علماء کی اپیل

انسداد پولیو کے قطرے بچوں کو ضرور پلائیں ، ڈاکٹرز،علماء کی  اپیل
July 20, 2020

لاہور ( 92 نیوز) ڈاکٹرز اور علماء کرام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں ، اس حوالے سے کسی غلط پراپیگنڈے میں نہ آئیں ۔  قطروں کا مقصد بچوں کو محفوظ بنانا ہے، معمولی سی لاپرواہی بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور کر سکتی ہے  ،والدین انسداد پولیو مہم میں حصہ لیں، دوسروں کو بھی آگاہ کریں۔

ڈاکٹرز اور علماء کرام نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ  بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں ۔ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ  انسداد پولیو قطروں کے حوالے سے غلط پراپیگنڈا کیا جارہا ہے،انسداد پولیو مہم بچوں کی بقا کیلئے جہاد ہے،شہری کسی جھوٹے پراپیگنڈے میں نہ آئیں ۔

ڈاکٹر عزیز الرحمان کا کہنا تھا کہ معمولی سی  غفلت ، لاپرواہی بچوں کو عمر بھر کیلئے معذور کر سکتی ہے،عمر بھر کی معذوری سے بچنے کیلئے پولیو ویکسی نیشن ضرور کرائیں ۔والدین بچوں کو انسداد پولیو کےقطرے ضرور پلائیں اور اپنی نسلیں محفوظ کریں ۔

مولانا انور نے کہا کہ انسداد پولیو کے قطروں کا مقصد بچوں کو محفوظ بنانا ہے،حدیث ہے اللہ نے ہر بیماری کی دوا رکھی ہے،بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں ،اللہ حفاظت فرمائے گا۔

مولانا عمر صدیق نے کاہ کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائے جائیں ،والدین انسداد پولیو مہم میں حصہ لیں اور دوسروں کو بھی آگاہ کریں ،پولیو کے قطرے پلانے میں شرعی طور پر کوئی قباحت نہیں ۔پولیو کے حوالے سے کسی پراپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں ۔

مفتی غنی کا کہنا تھا کہ پولیو مہم انتہائی ضروری ہے،پولیو ویکیسن استعمال کرنے میں کوئی قباحت نہیں ،سب سے گزارش ہے کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ۔