Wednesday, April 24, 2024

انسداد پولیو مہم میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا گیا

انسداد پولیو مہم میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا گیا
July 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان انسداد پولیو مہم کی بڑی کامیابی  ، انسداد پولیو مہم میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا ۔ٹارگٹ ایریاز میں پانچ سال سے کم عمر 94 فیصد سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے ، ورکرز نے کورونا ایس او پیز کی پاسداری کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد، کراچی، اٹک، کوئٹہ اور جنوبی وزیرستان میں ویکسی نیشن کی۔

کورونا سے بچاؤ ضروری،پولیو سے تحفظ لازمی  ، عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث 4 ماہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیومہم کا پہلا مرحلہ حفاظتی انتظامات کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ پانچ روزہ مہم میں رضاکاروں نے قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کا مشن  بھرپور جذبے سے سرانجام دیا۔

کورونا وبا کے ان دنوں میں مہم کامیاب بنانے میں کئی چیلنج درپیش تھے پولیوورکرز اور اسٹاف کو بچوں کی محفوظ ویکسی نیشن کیلئے ایس او پیز کےتحت قطرے پلانے کی خصوصی تربیت دی گئی ۔ لاہور، فیصل آباد ،پشاور اور کوئٹہ اور اسلام آباد کے بعض علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ۔

لاہور کی چھ یونین کونسلوں میں چھ روز تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں ستاون ہزاربچوں کوپولیوکے قطرے پلائے ، چیئرمین کل مسالک علمابورڈ مولانامحمدعاصم مخدوم نے کہا کہ انسدادپولیومہم بہت منظم طریقے سے چلائی گئی،یہ سلسلہ جاری رہناچاہئے۔

فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد کا کہنا تھا مہم کے دوران بڑی مشکل کورونا وبا سے گھبرائے والدین کی رضامندی حاصل کرنا تھا ۔

ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی انسداد پولیو مہم کورونا کے باعث متاثر رہی۔ لاک ڈاؤن، اوپی ڈیز کی بندش اور آمدورفت کی عدم سہولیات کے باعث انسداد پولیو مہم 19 مارچ سے معطل تھی۔ اس خصوصی مہم میں خیبرپختونخوا کے واحد ضلع جنوبی وزیرستان میں مہم چلائی گئی جو کامیابی سے مکمل ہوئی۔

محکمہ صحت کےمطابق جلد ملک کے دیگر شہروں میں بھی انسدادپولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا ، پولیو ورکرز بھی قومی کاز کیلئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں اور کہتے ہیں آئندہ پولیو مہم میں گھر گھر پہنچ کر ملک کو اس بیماری سے پاک کیا جائے گا ، والدین بھی اسی طرح ہر بار قطرے پلائیں تاکہ پاکستان پولیو فری ہو جائے۔