Thursday, April 25, 2024

انسداد پولیو مہم ملک بھر میں شروع کر دی گئی

انسداد پولیو مہم ملک بھر میں شروع کر دی گئی
June 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک بھر میں انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی ،فوکل پرسن بابر بن عطا کے مطابق ایک کروڑ پچیس لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے،ادھر بنوں میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ ،،جانی خیل کے رہائشی 17 ماہ کے بچے میں  وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم  کے دوران شہر شہر ،نگر نگر بچوں کو قطرے پلائے جارہے ہیں۔ فوکل پرسن بابر بن عطا  کہتے ہیں  ایک کروڑ پچیس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،والدین جھوٹے پراپیگنڈے سے انکار کریں  اورپانچ  سال تک کے بچوں کو قطرے ضرور پلائیں۔ لاہور میں بھی  انسدادپولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ، 21 جون تک گھر گھر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے،پولیو مہم میں پانچ ہزارسے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ راولپنڈی میں سات لاکھ تیس ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ،ڈپٹی کمشنر کہتے ہیں ویکسین میں کوئی مضر صحت چیز شامل نہیں،پراپیگنڈا من گھڑت ہے۔ ملتان میں سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی ۔ ٹیموں کو خانہ بدوش بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاڑکانہ اور قمبر میں پولیو مہم  21 جون تک جاری رہے گی،چمن میں انسداد پولیومہم کے دوران میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلائیں جائیں گے۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں پولیو مہم شروع ہوگئی،، 11 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بنوں میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ  ہوا  جہاں  جانی خیل کے رہائشی 17 ماہ کے بچے میں  وائرس کی تصدیق ہوئی ۔ ڈویژن میں تعداد آٹھ ہوگئی، ضلع بنوں میں پولیو کے آٹھ ، شمالی وزیرستان میں 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔