Friday, April 26, 2024

انسداد دہشتگردی کی عدالت کو عمران فاروق قتل کیس کی کارروائی سے روک دیاگیا

انسداد دہشتگردی کی عدالت کو عمران فاروق قتل کیس کی کارروائی سے روک دیاگیا
June 19, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسداد دہشتگردی  کی عدالت کو عمران فاروق قتل کیس کی کارروائی سے روک دیا ، حکم امتناعی جاری  کرتے ہوئے ملزمان سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے شواہد اکٹھے کرنے کی مہلت نہ دینے کیخلاف ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی۔ اٹارنی جنرل انور منصور ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے ،  ایف آئی اے کے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز اور برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ اٹارنی جنرل انور منصور نے دلائل میں کہا ایف آئی اے کی برطانیہ سے شواہد اکٹھے کرنے کی درخواست ٹرائل کورٹ نے مسترد کی ہے۔ ایف آئی اے نے برطانیہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے دو ماہ کا وقت مانگا تھا۔ ایف آئی اے نے استدعا کی تھی کہ 30 مئی کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست پر ملزمان سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو مزید کارروائی سے روک دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست تیس مئی کو مسترد کی تھی جبکہ ایف آئی اے سے 20 جون کو حتمی دلائل طلب کر رکھے تھے۔