Friday, April 26, 2024

انسانیت کی خدمت کرنے والے شخص عبدالستار ایدھی کی دوسری برسی آج منائی جا رہی ہے

انسانیت کی خدمت کرنے والے شخص عبدالستار ایدھی کی دوسری برسی آج منائی جا رہی ہے
July 8, 2018
کراچی (92 نیوز) انسانیت کی خدمت کرنے والے  عظیم شخص عبدالستار ایدھی کی دوسری برسی آج منائی جا رہی ہے۔ عبدالستار ایدھی نے دنیا کی سب سے بڑی رضاکارانہ ایمبولینس سروس کی بنیاد رکھی، یتیموں کی پرورش اور لاوارثوں کی کفالت کی۔ عبدالستار ایدھی دو سال قبل آج کے روز دنیائے فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ عبدالستارایدھی نے 65 برس دکھی انسانیت کی خدمت کی جس کا آغاز انہوں نے 1951 میں ایک ڈسپنسری قائم کر کے کیا۔ اسپتال اور ایمبولینس خدمات کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن نے کلینک، زچگی گھر، پاگل خانے، معذوروں کے لیے گھر، بلڈ بینک، یتیم خانے، لاوارث بچوں کو گود لینے کے مراکز، پناہ گاہیں اور اسکول کھولے۔ 1980 کی دہائی میں پاکستانی حکومت نے انہیں نشان امتیاز دیا جب کہ پاک فوج نے انہیں شیلڈ آف آنر کے اعزاز سے نوازا جبکہ 1992 میں حکومت سندھ انہیں سوشل ورکرآف سب کونٹی ننیٹ کا اعزاز دیا۔ 8 جولائی 2016 کو بابائے خدمت گردوں کے عارضے میں مبتلا ہو کر 88 برس کی عمر میں جہانِ فانی سے کوچ کر گئے تھے جن کی خدمات کے اعتراف میں انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔