Wednesday, May 1, 2024

انسانی ہمدردی کے جواب میں بھارت کی گولہ باری،تین جوان شہید ، ایک زخمی

انسانی ہمدردی کے جواب میں بھارت کی گولہ باری،تین جوان شہید ، ایک زخمی
December 25, 2017

راولپنڈی ( 92 نیوز ) بھارت نے انسانی ہمدردی کا جواب گولہ باری سے دے کر ایک بار پھر اپنا مکرہ چہرہ دکھا دیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے راولا کوٹ میں رکھ چکری سیکٹر کو نشانہ بنایا ۔
کنٹرول لائن کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فورسز نے گولہ باری کی جس سے پاکستان کے تین جوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

 بھارت پاکستان کی سفارتی کامیابی سے گھبرا گیا ۔امن کے دشمن بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ۔ پاکستان کے جذبہ خیر سگالی  کے جواب میں بھارت نے چھپ کر وار کر دیا ۔ پاکستان کی جانب سے سینکڑوں انسانوں کے قاتل کی ماں اور بیوی سے ملاقات  کرائی گئی تو بھارت کی طرف سے ایل او سی پر فائرنگ  کر کے تین جوانوں کی شہادت کی صورت میں بدلہ چکایا گیا   ۔ دنیا پر بھارت کا اصل چہرہ  پھر آشکار ہو گیا ۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن کی ماں اور بیوی ابھی گھر واپس بھی نہیں پہنچی تھیں کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رکھ چکری کے مقام پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے  جبکہ ایک جوان زخمی بھی ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔احسان فراموش بھارت مسلسل پاکستان کی امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے ۔

دونوں ممالک کے درمیان 2003 میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کئے گئے تھے لیکن ہٹ دھرم بھارت  مسلسل اس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔