Monday, September 16, 2024

انسانی ذہانت کو شکست‘ کمپیوٹر نے دنیا کی مشکل ترین گیم کا پہلا مرحلہ سر کر لیا

انسانی ذہانت کو شکست‘ کمپیوٹر نے دنیا کی مشکل ترین گیم کا پہلا مرحلہ سر کر لیا
March 9, 2016
سیول (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں انسان اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے درمیان تاریخی جنگ کے لیے گو نامی عالمی چیمپیئن شپ میں اس کھیل کے عالمی چیمپیئن کو ان کے کمپیوٹر نے سخت مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں منعقد کرائے جانے والے اس مقابلے میں گوگل کے ڈیپ مائینڈ الفا گو پروگرام نے پانچ مرحلوں کے پہلے مرحلے میں جنوبی کوریا کے لی سی ڈول کو شکست دی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ہونے والے مقابلے میں الفاگو نے یوروپیئن گو چیمپیئن کو شکست دی تھی اور یہ ایک ایسا کارنامہ تھا جس کے بارے میں کچھ عرصہ قبل تک کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ کھیل کے بیشتر حصے میں لی سی ڈول کو کمپیوٹر پر سبقت حاصل رہی تاہم آخری 20 منٹ میں الفاگو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانسہ پلٹ ڈالا۔ قبل ازیں 1997ءمیں ڈیپ بلو نامی ایک کمپیوٹر پروگرام نے شطرنج کے عالمی چیمپیئن گیری کاسپاروف کو ہرا دیا تھا لیکن چینی گیم گو شطرنج سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ مسٹر لی اور الفاگو کے درمیان پہلا مقابلہ مقامی وقت کے مطابق ایک بجے دن میں شروع ہوا اور یہ کئی گھنٹے تک جاری رہے گا اور اسے براہ راست یوٹیوب پر نشر کیا جا رہا ہے۔ دونوں مد مقابل مجموعی طور پر پانچ گیمز کھیلیں گے۔ گیم کی انعامی رقم دس لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔ اس پانچ روزہ جنگ کو سائنس دانوں اور انجینئروں کی مصنوعی ذہانت تیار کرنے کے میدان میں ابھی تک حاصل ہونے والی کامیابی کی جانچ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ گو تین ہزار سال قدیم چینی کھیل ہے جسے شطرنج سے زیادہ پیچیدہ خیال کیا جاتا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ گو میں یکسر مختلف قسم کا ذہنی چیلنج ہے کیونکہ اس میں بے شمار چالیں چلنے کے امکانات ہیں جس کا مطلب ہے کہ اس میں انسانوں کی طرح جیتنے کا ادراک ہے۔ قبل ازیں مسٹر لی نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی انسان کے برخلاف کسی مشین کے ساتھ کھیلنا بہت مختلف ہے۔ عام طور پر آپ اپنے مخالف کی سانسوں سے ان کی طاقت کا اندازہ لگا لیتے ہیں اور کئی بار آپ ایسے فیصلے کرتے ہیں جو آپ کے مخالف کی جسمانی حرکات پر مبنی ہوتا ہے لیکن ایک مشین کے ساتھ آپ ایسا نہیں کر سکتے۔ خیال رہے کہ گوگل کے الفاگو کو برطانوی کمپیوٹر کمپنی ڈیپ مائنڈ نے تیار کیا ہے جسے گوگل نے 2014ءمیں خریدا تھا۔ ڈیپ مائنڈ کو تیارکرنے والے ماہر کا کہنا ہے کہ یہ کمپیوٹر یہ اپنی خامیوں سے سبق سیکھتا ہے اور اب یہ پہلے کے سپر کمپیوٹر سے زیادہ مضبوط ہے جس نے یوروپیئن چیمپیئن کو شکست دی تھی۔