Saturday, April 20, 2024

انسانی حقوق کے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر  پر دل دہلا دینے والی رپورٹ جاری کردی

انسانی حقوق کے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر  پر دل دہلا دینے والی رپورٹ جاری کردی
August 20, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز) پابندیوں میں جکڑےمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت عروج پر ہے۔انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے بھارتی کارکنوں نے دل دہلا دینے والی رپورٹ جاری کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال ہر گزرتے دن کے ساتھ بد تر ہوتی جارہی ہے، جوانوں کی جانیں محفوظ ہیں اور نہ ہی خواتین کی عصمتیں، قابض بھارتی درندے گھرگھرتلاشی کی آڑمیں کشمیری خواتین کی عزتیں پامال کرنے لگے۔ دس صفحات پرمبنی رپورٹ کویتاکرشنن،ومل بھائی،میمونہ مُلا،جین ڈریز نامی انسانی حقوق کے کارکنوں نے جاری کی ہے، جنہوں نے9سے13اگست تک مقبوضہ کشمیرکادورہ کیاتھا۔ وفدکوبھارت واپسی پر14اگست کونئی دہلی میں حقائق سامنےلانےسےروک دیاگیاتھا۔ آرٹیکل 370 کے خاتمے پر کشمیریوں کا کہنا ہے کہ کانگریس نےپیٹھ میں چھراگھونپا تھااوربی جےپی نےسامنےسے وار کر کے انہیں لہو لہو کر دیا ہے۔ حکومت کادعویٰ ہےکہ وادی میں دفعہ144 نافذہےکرفیونہیں،جبکہ حقیقت میں قابض فوج کسی کوگھرسےباہرتک نہیں نکلنےدیتی،کشمیری اپنےہی گھروں میں قیدہوکررہ گئےہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 10روز قبل ہی وادی میں اشیائےضروریہ کی قلت ہوگئی تھی،اور اب وادی میں جان بچانےوالی ادویات بھی ختم ہوگئی ہیں،ظلم کی انتہا یہ ہے کہ بھارتی فوج مریضوں کواسپتال بھی نہیں لےجانےدےرہی۔ رائزنگ کشمیرکےگرافک ڈیزائنر سمیر احمد کےگھرمیں گھس کرسفاک فوجیوں نے ان پر پیلٹس کی بوچھاڑ کر دی ،سمیر کے جسم پر پیلٹس کے 172 نشانات ہیں، سمیر احمد کا جرم کرفیو کے دوران ایک بوڑھے آدمی کی مددکرناتھا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قابض فورسزنے سیکڑوں نوعمرلڑکوں کوغیرقانونی حراست میں رکھاہوا ہے، جہاں انہیں بدترین تشددکا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کشمیریوں کا مؤقف ہے کہ وہ احتجاج کا راستہ نہیں چھوڑیں گے، بھارت جتنا ظلم کرے گا اتنا ہی کشمیری ابھریں گے۔ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہےبھارت اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔