Saturday, April 20, 2024

انسانی حقوق کے علمبردار اور سینئر صحافی آئی اے رحمٰن انتقال کر گئے

انسانی حقوق کے علمبردار اور سینئر صحافی آئی اے رحمٰن انتقال کر گئے
April 12, 2021

لاہور (92 نیوز) انسانی حقوق کے علمبردار اور سینئر صحافی آئی اے رحمٰن انتقال کر گئے۔ اہلخانہ کے مطابق آئی اے رحمٰن بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض تھے۔

پاکستانی صحافت انسانی حقوق کے لیےکوشاں،غیر جانبدار اور انتہائی پروفیشنل جرنلسٹ سے محروم ہو گئی۔ فیض احمد فیض کے ہم عصر سنیئر صحافی آئی اے رحمٰن 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اہل خانہ کے مطابق طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دم توڑ گئے۔

صدر مملکت عارف علوی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافت اور انسانی حقوق کے شعبے میں مرحوم کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور آصف علی زرداری نے کہا جمہوریت کا انتھک وکیل ہم میں نہ رہا، انسانی حقوق کی توانا آواز خاموش ہو گئی۔

 وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی بولےآئی اے رحمان کے انتقال سے ملک ایک اہم دانشور سے محروم ہو گیا۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے مرحوم کی پیشہ وارانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں آئی اے رحمان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا، آئی اے رحمان کے انتقال کی خبر پر رنجیدہ ہوں، انہوں نے اپنی تمام زندگی دوسروں کے حقوق کی جدوجہد میں صرف کی۔ بغیر کسی ڈر کے طاقت وروں کے سامنے سچ کہا۔

قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کہتے ہیں ملکی صحافت ایک غیر جانبدار اور پروفیشنل جرنلسٹ سے محروم ہو گئی۔