Friday, May 10, 2024

انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے غلط معلومات کا انسداد، پاکستان کی جنرل اسمبلی میں قرارداد متفقہ طور پر منظور

انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے غلط معلومات کا انسداد، پاکستان کی جنرل اسمبلی میں قرارداد متفقہ طور پر منظور
November 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) دنیا میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے غلط معلومات کے انسداد سے متعلق پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے انسداد ڈس انفارمیشن کی قرارداد آج جنرل اسمبلی میں پیش کی تھی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی جانب سے قرارداد کا تعارف پیش کیا۔

پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا دنیا آج غلط معلومات کے بے دریغ پھیلاؤ سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا غلط معلومات سماجی انتشار، امتیازی سلوک، نفرت انگیز تقاریر کا موجب ہیں۔ زینو فوبیا، اسلامو فوبیا اور عدم برداشت بھی اسی ڈس انفارمیشن کی پیداوار ہے۔

منیر اکرم نے کہا کورونا وباء وباء اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر حد درجہ انحصار سے یہ معاملہ اور خراب ہوا۔ کورونا وباء کے دوران جعلی علاج سے ویکسین مخالف سازشوں تک کئی مظاہر دیکھے۔ مزید کہا کہ پاکستان غلط معلومات کے پھیلاؤ کے موجب وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق منیر اکرم نے قرارداد میں بذریعہ سوشل، آن لائن میڈیا ڈس انفارمیشن کے پھیلاؤ بارے بتایا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ کاروباری، آن لائن ادارے، سوشل میڈیا کمپنیاں تجارتی مقاصد پر انسانی حقوق مجروح نہ کریں۔ تمام کمپنیاں، ادارے یقینی بنائیں کہ ان کے پلیٹ فارمز غلط معلومات کے پھیلاؤ کا ذریعہ نہیں ہوں گے۔