Saturday, April 27, 2024

انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، امریکا کی ایران اور کیوبا پر شدید تنقید، جان کیری ایران کیساتھ ایٹمی معاہدے کیلئے پرامید

انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، امریکا کی ایران اور کیوبا پر شدید تنقید، جان کیری ایران کیساتھ ایٹمی معاہدے کیلئے پرامید
June 26, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا نے ایران اور کیوبا کے ساتھ رابطوں کے فروغ کے باوجود دونوں ممالک کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ طے پا جائیگا۔ امریکا کی انسانی حقوق کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حسن روحانی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری نہیں ہوئی۔ ٹام ملینو وسکی نے رپورٹ کے اجرا پر کہا کیوبا نے لوگوں کی آمدورفت پر پابندیاں کافی حد تک نرم کر دی ہیں لیکن کیوبا حکومت اپوزیشن کے بعض ارکان کو پاسپورٹ جاری نہیں کر رہی جبکہ ملک واپس آنے والے اپوزیشن کو ہراساں کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیوبا اور ایران کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکا کی اس بات کو یاد رکھنا چاہئے کہ رابطے اور توثیق ایک ہی چیز نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کیوبا کے ساتھ رابطوں کا آغاز پچاس سیاسی قیدیوں کی رہائی سے مشروط تھا۔ امریکا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال بھی ایران میں انسانی حقوق اور آزادیوں کو دبایا جاتا رہا ہے اور پچھلے سال بھی انسانی آزادی اور حقوق کے معاملے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران میں تحریر وتقریر، اجتماع، مذہب جیسی انسانی آزادیوں کو سلب کیا جاتا ہے جبکہ لوگوں کو سزائے موت دینے کی شرح بھی بہت زیادہ ہے۔ ایران امریکا مذاکرات کے موقع پر جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو غائب کرنے سمیت ان کے ساتھ وحشیانہ اور غیرانسانی سلوک، سیاسی انتقام جیسے واقعات عام ہیں۔