Saturday, April 27, 2024

انسانی حقوق کی 69 تنظیموں نے کشمیر کےمعاملے پر مودی کے نام خط لکھ دیا

انسانی حقوق کی 69 تنظیموں نے کشمیر کےمعاملے پر مودی کے نام خط لکھ دیا
August 13, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)  دنیا جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر چیخ اٹھی، 69 انسانی حقوق تنظیموں نے بھارتی وزیراعظم کے نام کھلا خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک ہفتے پر محیط اقدامات انتہائی تشویشناک ہیں۔ انسانی حقوق  کی تنظیموں نے خط میں لکھا مودی سرکار افسوس، آپ کی حکومت مسلسل قانون کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، بھارت کا یکطرفہ جموں و کشمیر کے خصوصی تشخص کا خاتمہ ناقابل قبول ہے، ایسے اقدامات جموں و کشمیر کے عوام کے بنیادی حق خودارادیت کے منافی ہیں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت نے کھلم کھلا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ، بھارتی حکومت نے کشمیریوں سے فیصلہ سازی کیلئے انکا حق چھینا، غیر آئینی اقدامات کیساتھ 500 معصوم افراد کی گرفتاری یا نظر بندی پر بھی  تشویش ہے۔ خط میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں مواصلاتی نظام اور سیاسی رہنماؤں کی بندش، اظہار رائے اور نقل و حرکت پر پابندیاں نفسیاتی و سماجی ہیجان پیدا کر رہی ہیں۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کشمیریوں کو بحیثیت بنیادی فریق، مستقبل کے فیصلوں کا پورا حق دیا جائے، جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت، بنیادی آزادیوں کا احترام کیا جائے۔