Saturday, April 20, 2024

انسانوں کیلئے کام کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں عزت ملتی ہے ، وزیراعظم

انسانوں کیلئے کام کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں عزت ملتی ہے ، وزیراعظم
July 19, 2019
میانوالی (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا انسانوں کیلئے کام کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں عزت ملتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے میانوالی میں 500 بستروں کے اسپتال اور میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا جو انسانوں کیلئے کام کرتا ہے اسے دنیا اور آخرت میں عزت ملتی ہے۔ روح خوش اس وقت ہوتی ہے جب آپ اللہ کیلئے کام کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا تلہ گنگ سے میانوالی تک کوئی بہتر اسپتال نہیں ہے۔ پسماندہ علاقوں کو آگے لے کر آنا ہے۔ میانوالی کے لوگوں نے میری ہمیشہ مدد کی۔ پسماندہ علاقے میں اسپتال سے غریب عوام کو فائدہ ہو گا۔ عمران خان بولے سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے۔ بیرون ملک سے لوگ کرپشن کے باعث پاکستان نہیں آنا چاہتے۔ کوئی ملک کرپشن کے باعث آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا 10سال میں 6 ہزار سے 30 ہزار ارب تک قرض پہنچ گیا۔ گزشتہ 10سال میں جو منصوبے شروع کئے نقصان میں ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا جب تک احتساب نہیں ہو گا ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ میں نے 22 سال پہلے اس وقت کا انتظار کیا ہے۔ اللہ سے ایک موقع دینے کی دعا کیا کرتا تھا۔ انہوں نے کہا جس نے جو مرضی کرنا ہے کر لے، احتساب ضرور ہو گا۔ پہلے کبھی کسی نے طاقتور کو نہیں پکڑا، اب پکڑے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا انتقامی کارروائی میرے ساتھ ہوئی تھی۔ میں نے پاناما کا کہا تو مجھ پر 32 مقدمے درج ہوئے۔ کبھی قطری خط اور کبھی کیلبری فونٹ، سب جھوٹے ثابت ہوئے۔ عدالت نے مجھے صادق اور امین کہا۔ وزیراعظم نے مزید کہا میں جوابدہ ہوں یہ تمام بھی جوابدہ ہیں۔ ہم ان سے جواب لیں گے، قوم جواب لے گی، جتنا مرضی شور مچانا ہے مچا لیں۔ طاقتور کا احتساب ہو گیا تو لوگ منی لانڈرنگ سے ڈریں گے۔ ان لوگوں نے باہر کے ممالک سے بھی سفارشیں کروائی ہیں۔