Friday, April 26, 2024

انسانوں کو چاند پر بسانے کیلئے روس اور یورپ مشترکہ مشن بھیجیں گے

انسانوں کو چاند پر بسانے کیلئے روس اور یورپ مشترکہ مشن بھیجیں گے
October 19, 2015
ماسکو (ویب ڈیسک) چاند پر ان دیکھے مقامات کا جائزہ لینے، پانی کی موجودگی اور وہاں زندگی ممکن بنانے کیلئے درکار ماحول پر تحقیق کیلئے روس اور یورپ ایک مشترکہ مشن خلا میں بھیج رہے ہیں۔ اس مشن کی فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں وہاں انسانوں کو بسانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔ اس مشن کو لونا 27 کا نام دیا گیا ہے جو آئندہ پانچ سال میں چاند کی جانب روانہ ہوجائے گا۔ مشن میں شامل نمایاں ترین روسی سائنس دان میٹروفینوف کا کہنا ہے کہ 21 ویں صدی چاند پر انسان کے قیام کی صدی ہوگی اور انسانی تہذیب و ثقافت زمین سے نکل کر چاند کی سطح پر اپنے رنگ بکھیرے گی۔ سائنس دان کہتے ہیں کہ اس مشن کی بدولت چاند پر انسانوں کے شہر آباد کرنا ممکن ہو جائے گا اور روس کا اس میں اہم کردار ہو گا۔ مشن اور یورپی سپیس ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی سنٹر کے سربراہ برینگرے ہاو¿ڈے کا کہنا ہے کہ چاند پر انسان کو بھیجنے کا مشن عالمی مشن ہو گا جو مستقبل میں وہاں انسانی رہائش ممکن بنانے کیلئے کام کرے گا۔ لونا 27 ابتدائی طورپر روبوٹک مشن ہو گا جو چاند کے جنوبی حصے میں اترے گا۔ یہ وہ حصہ ہے جو ہمیشہ اندھیرے میں ڈوبا رہتا ہے۔ سائنس دان کہتے ہیں ممکنہ طور پر یہاں ہر جانب برف جمی رہتی ہے جس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو اس میں زندگی کیلئے مددگار اجزاءبھی موجود ہو سکتے ہیں۔ برف میں موجود کیمیائی اجزاءکا تجزیہ کر کے دیکھا جائے گا کہ انہیں مستقبل میں چاند پر رہنے اور اس دوران انجام دی جانے والی سرگرمیوں کیلئے ایندھن یا لائف سپورٹ سسٹم میں کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔