Friday, May 10, 2024

انسانوں پر سرمایہ کاری نہ کرنیوالوں نے آج تک ترقی نہیں کی، وزیراعظم

انسانوں پر سرمایہ کاری نہ کرنیوالوں نے آج تک ترقی نہیں کی، وزیراعظم
November 13, 2020
تربت (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ انسانوں پر سرمایہ کاری نہ کرنے والوں نے آج تک ترقی نہیں کی، ماضی میں فنڈنگ نہ ہونے سے بلوچستان پیچھے چلا گیا۔ وزیراعظم نے تربت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کبھی بھی بلوچستان کو ترجیح نہیں دی گئی، ہم یہاں کے عوام کی ہر طرح سے مدد کرینگے، بلوچستان میں کبھی بھی اتنی فنڈنگ نہیں کی گئی جو ہماری حکومت میں ہوئی ہے۔ بلوچستان میں پڑھے لکھے لوگوں کی ضرورت ہے، جو صوبے کو لیڈر شپ دے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 4 جی انٹرنیٹ بلوچستان کے 5 لاکھ افراد تک پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہم بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کو قابل رسائی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم متعارف کروا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا چین نے سی پی ای سی کے ساتھ مغربی چین سے رابطہ کیا ہے تاکہ وہ ترقی کر سکے۔ کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی جب ایک چھوٹا گروہ دولت مند ہوجائے اور پوری قوم غریب ہوجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، علم ہمیں دوسری مخلوقات سے ممتاز بناتا ہے، مسلمانوں کی تہذیب کی بنیاد ریاست مدینہ پر رکھی گئی تھی، تعلیم کی وجہ سے آج ہم پیچھے رہ گئے ہیں، نوجوانوں کی مدد کیلئے ہر طرح کا زور لگائیں گے، وہ ٹیکنالوجی آگئی ہے کہ لوگوں کو دور دراز علاقوں تک تعلیم دے سکتے ہیں، نوجوانوں پر سرمایہ کاری کریں گے۔ پنجاب کی جانب سے اسکالر شپ کو بڑھا کر 135سے بڑھا کر 360کرنے لگے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ انسان ہر برے وقت سے سیکھتا ہے، جو بھی برا وقت آتا ہے اللہ آپ کو سیکھنے کا موقع دیتا ہے، غلطیاں تو انسان کرتا ہے، جو اوپر جاتا ہے وہ برے وقت سے ڈرتا نہیں، ہار نہیں مانتا،کوشش کرتا رہتا ہے۔ دنیا میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، زندگی ایک پراسس کے ذریعے چلتی ہے۔ مشکل وقت سے نکل کر آپ اور مضبوط ہوجاتے ہیں، آپ جو بھی خواب دیکھتے ہیں وہاں پہنچ سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے تربت میں دارالاحساس اور وسیلہ تعلیم پروگرامز کا افتتاح کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔