Thursday, May 9, 2024

اندوہناک واقعہ نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا ، سر شرم سے جھک گئے ، شہباز شریف

اندوہناک واقعہ نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا ، سر شرم سے جھک گئے ، شہباز شریف
September 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی سانحہ موٹروے پر بحث ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا اندوہناک واقعہ نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا۔ سر شرم سے جھک گئے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا ایسے واقعات کو کیسے روکا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے آپ نے اہم سوال اٹھایا ہے۔ اس واقعے پر جب پوری قوم سوگوار تھی تو اس وقت حکومت اس بات میں الجھی ہوئی تھی کہ موٹروے کس کے کنٹرول میں ہے۔ پوری قوم حیران تھی کہ مجرم کو گرفتار کرنے میں تمام توانائیاں صرف کرتی لیکن یہ دوسرے معاملات میں الجھی ہوئی تھی۔ شہباز شریف بولے سی سی پی او لاہور نے جو طعنہ زنی کی اس نے پوری قوم کے دل چھلنی کیے۔ جنہوں نے اسکو لگوایا وہ اس کے دفاع میں کھڑے تھے۔ اس پولیس آفیسر کے بارے میں رپورٹس ہیں کہ کرپٹ آدمی ہے۔ زینب واقعے میں ہم نے پوری ٹیم کی کاوشوں کے ساتھ ملزم کو جلدی گرفتار کر لیا تھا۔ زینب کے مجرم کو جو سزا ملی تھی وہ دنیا یاد رکھے گی۔ موٹروے واقعے پر اپوزیشن نے اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ ادھر وزیر مواصلات مراد سعید بولے افسوس درندوں کوسزا دینے کی بحث نہیں ہورہی۔ بحث ہورہی کہ مرادسعید مستعفی ہو جائے۔ مرہم نہیں رکھ سکتے تو نمک پاشی بھی نہ کی جائے۔ واقعہ موٹروے پر نہیں ہوا لیکن جہاں پر بھی ہوا، وہ ذمہ داری لینے کو تیار ہیں۔