Friday, April 19, 2024

اندرون سندھ موسلا دھار بارشوں نے جل تھل ایک کردیا

اندرون سندھ موسلا دھار بارشوں نے جل تھل ایک کردیا
August 25, 2020

کراچی ( 92 نیوز)اندرون سندھ موسلا دھار بارشوں نے جل تھل ایک کردیا ،میرپور خاص میں 13گھنٹے تک مسلسل بارش سے سڑکوں اور گلی محلوں میں کئی  کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ۔  نالے ابل پڑے ، گندا پانی گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہری پریشان ، حیدر آباد، ٹھٹھہ، ٹنڈو الہ یار میں بھی بادل خوب برسے ،مٹھی، بدین، تھرپارکر کے صحرا میں بھی تیز بارش ،کئی علاقوں میں بجلی کی بھی آنکھ مچولی ، بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے باعث بیشتر ڈیم بھر گئے۔

مون سون کا چھٹا اسپیل جاری ہے ، اندرون سندھ تاحد نگاہ پانی ہی پانی ہے ۔ تھرپارکر،بدین، میرپورخاص میں طوفانی بارش نے تباہی مچادی ۔  نکاسی آب کے ابتر نظام نے تمام علاقوں کو ڈبو دیا، سڑکیں،گلیاں اور شاہراہیں تو زیر آب آئی ہی شہریوں کے گھروں،دکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

تھر  میں طوفانی بار ش کے باعث مٹھی شہر ڈوبنے کے خدشات پیدا ہوگئے،ڈپٹی کمشنر نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، محکمہ بلدیات، حیسکو اور دیگر محکموں کے افسران کو الرٹ کردیا اور صورتحال معمول پر آنے تک ضلعی ہیڈ کوارٹر نہ چھوڑنے کی ہدایات کردیں جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔

بدین میں بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی شہری پریشانی کے عالم میں سرکاری اداروں کی مدد کا انتظار کرنے لگے۔

میرپورخاص میں کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بارش سے پورا شہر تالاب میں بدل گیا،نشیبی علاقوں میں صورتحال ابترہوگئی،بارش نے رکنے کا نام نہ لیاتوشہری اذانیں دیکرخیر و عافیت کی دعائیں کرنے لگے۔ سب سے زیادہ بارش مٹھی میں 223ملی میٹر،ننگرپارکر میں 213،اسلام کوٹ 184،ڈیپلو 128اور چھاچھرو میں 128ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ میرپورخاص میں 104ملی میٹر بارش ہوئی۔