Sunday, May 12, 2024

اندازوں کے مطابق جنوری میں کورونا بڑھ سکتا ہے، شاہ محمود قریشی

اندازوں کے مطابق جنوری میں کورونا بڑھ سکتا ہے، شاہ محمود قریشی
December 6, 2020

ملتان (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں اندازوں کے مطابق جنوری میں کورونا بڑھ سکتا ہے، اپوزیشن کو جلسہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ملتان میں اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا ملک میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر انتہائی تشویش ہے، انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سیاستدان عوام کے خیر خواہ کس طرح ہو سکتے ہیں، جلسوں سے حکومت ختم ہونے کی آس لگانے والے انتظار کریں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو جلسہ نہیں کرنا چاہیے تھا، انتظامیہ کو کنٹینر نہیں لگانے چاہئیں تھے، اِن حالات میں عوام اور میڈیا کو آگاہی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، ایس او پیز پر شہری توجہ نہیں دے رہے، سختی تو ہو نہیں سکتی، آگاہی دی جاسکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے بوسیدہ اور کرپٹ نظام کو ختم کیا، پی ڈی ایم سے ملکی ترقی اور تبدیلی ہضم نہیں ہو رہی، اس میں شامل سیاستدان دراصل ملکی ترقی کے دشمن ہیں۔ پی پی، ن لیگ کو اپنی مقبولیت کا اندازہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے ہو جانا چاہئے تھا، پی ڈی ایم جماعتوں کا مقصد ملک میں افرا تفری پھیلانا ہے، یہ غیر ملکی طاقتوں کے اشاروں پر چل رہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی مزید بولے کہ ہمارا اور اِس خطے کا مستقبل سی پیک سے جُڑا ہے، اِس منصوبے کی حفاظت اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ہم آئندہ بھی ہر فورم پر کشمیریو ں کے جائز حق خود ارادیت کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔