Saturday, May 18, 2024

انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں ضروری ہیں ، مہاتیر محمد

انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں ضروری ہیں ، مہاتیر محمد
March 22, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں ضروری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ حملے کو اسلامو فوبیا کا نتیجہ قرار دے دیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں دونوں سربراہان نے نیوز کانفرنس کی۔ عمران خان نے کہا دنیا میں جان بوجھ کر اسلامو فوبیا کو ہوا دی گئی، اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کو نقصان پہنچا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کوئی ملک غریب نہیں ہوتا صرف بدعنوانی اور کرپٹ اشرافیہ لوٹی دولت باہر بھیج کر ملک کو غریب بناتی ہے۔ ملائیشیا سے ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے علاوہ سیاحت اور دیگر شعبوں میں استفادہ حاصل کرینگے۔

 ملائیشیا کے وزیراعظم نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے دیگر راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا لوگوں کے دماغ اور دل جیتنے ہوں گے، حملے کے جواب میں حملہ کوئی حل نہیں، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے کاوشیں کرنا ہوں گی۔

ملائیشین وزیراعظم نے کہا پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ۔ باہمی تجارت کے فروغ اور معیشت میں بہتری کیلئے ملکر کام کرینگے۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے پاکستان ہمارے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں ضروری ہیں ۔ دنیا کو مسلم ممالک سے متعلق نقطہ نظر تبدیل کرنا ہو گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کو انسانی ترقی کی راہ  میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا تو ملائیشین ہم منصب نے بھی اتفاق کیا۔ ساتھ ہی افسوس کا اظہار کیا کہ اس وقت ایک بھی مسلم ملک ترقی یافتہ نہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان رشتے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق بھی کیا۔