Thursday, April 25, 2024

انتہاء پسند اور متعصب مودی سرکار دنیا بھر میں بے نقاب

انتہاء پسند اور متعصب مودی سرکار دنیا بھر میں بے نقاب
January 24, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) انتہاء پسند اور متعصب مودی سرکار دنیا بھر میں بے نقاب ہو گئی۔ برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے متعصب انڈیا شہ سرخی لگا دی۔ مودی سرکار کو عالمی سطح پر پھر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے بھارت میں اقلیتوں کیخلاف متعصبانہ رویے کا پردہ چاک کر دیا۔ جریدے نے اپنے تازہ شمارے میں بھارتی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ مودی دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ ان کی پالیسیاں بھارت میں عدم استحکام کا باعث ہیں ۔ بی جے پی کو بھارت کے لیے زہر قاتل قرار دیا گیا ۔ جریدے کے مطابق مودی سرکار اپنے سیاسی مفاد کیلئے مذہبی تفریق ، تقسیم اور ہندتوا کا پرچار کر رہی ہے ۔ جریدے نے لکھا کہ بھارتی آئین اقلیتوں، زبان، لسانی اور گروہی تحفظ کا ضامن ہے تاہم بھارتی وزیراعظم کی پالیسیاں سیکولر بھارتی آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں ۔ نریندری مودی آئینی حقوق غصب کر رہے ہیں ۔ دی اکانومسٹ میں لکھا گیا ہے کہ شہریت کے نئے قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج حکومت پر عدم اعتماد ہے۔ بھارت کے ہر طبقے نے سڑکوں پر آ کر مودی سرکار کی پالیسیاں مسترد کر دیں ۔ عالمی جریدے کے مطابق نریندر مودی کی حکومت اقتصادی مشکلات ، اقلیتوں اور انسانی کے حقوق سے نظریں چرا رہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاون بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جہاں عوام کئی ماہ سے اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں ۔