Saturday, May 11, 2024

انتونیو گوتریس آج لاہور میں مصروف دن گزاریں گے

انتونیو گوتریس آج لاہور میں مصروف دن گزاریں گے
February 18, 2020
لاہور ( 92 نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس  آج بھی مصروف دن گزاریں گے ، نارووال میں کرتار پور کا دورہ کریں گےجبکہ  لاہور میں نجی یونیورسٹی، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ بھی جائیں گے۔ گورنر پنجاب کی جانب سے انتونیو گوتریس  کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔ گزشتہ روز انتونیو گوتریس نے  صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ، اعلامیہ کے مطابق  صدر مملکت نے دنیا بھر میں مہاجرین کے لئے  متحرک قیادت اور پرجوش وکالت پر سیکرٹری جنرل کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے 40 برسوں میں پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی میزبانی  اور  جموں و کشمیر کی صورتحال سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا،صدر مملکت نے کہا کہ کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں ہندوستان کے متشدد بیانات اور جارحانہ اقدامات  علاقائی امن و سلامتی کےلئے خطرہ ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے نظریات اور مقاصد کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی کوششیں کو جاری رکھے گا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ  پاکستان نے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی میں جو فیاضی کا مظاہرہ کیا وہ یکجہتی کی قابل ذکر کہانی ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیر اعظم  پاکستان   عمران خان  سے بھی  ملاقات کی ،   وزیر اعظم  عمران خان  نے   ملاقات  میں  گذشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے  کہا کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے ،  افغانستان میں امن اور مفاہمت کی کوششوں کے لئے پاکستان  مستقل حمایت جاری رکھے گا ، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی  آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  کشمیری عوام اقوام متحدہ کی کیا جانب دیکھ رہے ہیں ،  موسمیاتی تبدیلی بنی نوع انسان کے وجود کے لئے خطرہ ہے۔پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر پیرس موسمی معاہدے پر جلد عمل درآمد کرنے کے لئے کام کرے گا۔