Monday, September 16, 2024

انتظار کی گھڑیاں ختم، ڈومیسٹک کرکٹ کے میگا ایونٹ پاکستان کپ کا میلہ آج سےاقبال اسٹیڈیم میں سجے گا

انتظار کی گھڑیاں ختم، ڈومیسٹک کرکٹ کے میگا ایونٹ پاکستان کپ کا میلہ آج سےاقبال اسٹیڈیم میں سجے گا
April 19, 2016
فیصل آباد (نائنٹی ٹو نیوز) ڈومیسٹک کرکٹ کے میگا ایونٹ پاکستان کپ کا میلہ آج سے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سجے گا۔ قومی کرکٹرز کو ان ایکشن دیکھنے کے لئے شائقین کرکٹ بھی بے تاب ہیں۔ انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں۔ فیصل آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کا آغاز آج ہو گا۔ پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کی طرز پر کروائے جانے والے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شامل ٹیموں میں پنجاب کی قیادت شعیب ملک اور بلوچستان کی قیادت قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کر رہے ہیں۔ سندھ کی ذمہ داری نئے ٹی ٹونٹی کپتان سرفراز احمد جبکہ خیبرپختونخواہ کا بیڑہ یونس خان اٹھائیں گے۔ وکٹ کے سامنے دیوار سمجھے جانے والے مصباح الحق فیڈرل کی ٹیم کو لے کر چلیں گے۔ پاکستان کرکٹ کپ میں کھیلے جانے والے تمام 11 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے ٹورنامنٹ کے حفاظتی انتظامات مکمل کرتے ہوئے 1500 پولیس اہلکاروں کو اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کر دیا ہے جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف میں موجود تمام دوکانوں کو یکم مئی تک سیل کر دیا گیا ہے۔ میگا ایونٹ کا انعقاد جہاں نئے ٹیلنٹ کو ابھارنے کا سبب بنے گا وہیں ملکی گرائونڈ آباد ہونے کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ قومی کھلاڑیوں کو ان ایکشن بھی دیکھ سکیں گے۔