Saturday, April 20, 2024

انتخابی نتائج کے حوالے سے حقائق عوام کےسامنے لائےجائیں،شہباز شریف

انتخابی نتائج کے حوالے سے حقائق عوام کےسامنے لائےجائیں،شہباز شریف
September 24, 2018
اسلام آباد  ( 92 نیوز ) صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور قائد حزب اختلاف  قومی اسمبلی شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انتخابی نتائج کے حوالے سے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں ۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا لہجہ تلخ ہو گیا ،حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ  بیرون ملک پاکستان کے دو سو ارب ڈالر لانے کا دعویٰ کیا گیا ، کہا گیا کہ 8ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کر یں گے  مگر یہ سب دعوے ہی رہے  ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے  ، کالا باغ ڈیم  بنانے کے لئے چاروں صوبوں کی رضا مندی ضروری ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس  میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے دعوے کئے گئے ،عوام کو سبز باغ دکھائے گئے مگر لوگ پریشان ہیں۔شہباز شریف نے ایک کے بعد دوسرے ایشو  پر بات کی کہا   کہ دعوی  کیا گیا کہ بیرون ملک پاکستان کے دو سو ارب ڈالر لائیں گے  اب تک ڈالر تو ایک بھی نہیں آیا۔ اپوزیشن لیڈر کاکہنا تھا کہ  وزیر خزانہ نے  دعویٰ کیا تھا  کہ ان کی حکومت 8 ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرے گی ،کب تک ہم کشکول لیکر چلتے رہیں گے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف   نے جہاں ڈیمز کو پاکستان کی ضرورت قرار دیا وہیں کہا کہ  چاروں صوبوں کی رضامندی کے بغیر کالا باغ ڈیم کو چھیڑنا فاش غلطی ہو گی ۔انہوں نے دیا مر اور بھاشا ڈیم کا تذکرہ بھی خوب کیا ۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے 300 ارب کے پی ایس ڈی پی کو 800 ارب روپے تک پہنچایا موجودہ حکومت نے پی ایس ڈی پی سے 250 ارب کٹ لگادیا ، اسد عمر جیسے جینئس شخص سے ایسی امید نہیں تھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسد عمر  سے عوام دشمن بجٹ کی توقع نہ تھی ، گھریلو صارفین کیلئے 143 فیصد گیس مہنگی کر دی گئی ، اگر یہ صرف امرا کیلئے اضافہ ہوتا تو ہمیں اعتراض  نہ ہوتا لیکن غریبوں کیلئے  ظلم اضافہ ہے ، ہم نے اپنے دور میں  ایک دھیلا گیس کی قیمت نہیں بڑھائی تھی ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب  کرتے ہوئے شہباز شریف کاکہنا تھا کہ امید ہے پارلیمانی کمیشن رپورٹ جلد مکمل کی جائےگی۔