Tuesday, April 23, 2024

انتخابی مہم کیلئے پیسے کم‘ خواتین کی مخالفت‘ ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے مشکلات بڑھ گئیں

انتخابی مہم کیلئے پیسے کم‘ خواتین کی مخالفت‘ ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے مشکلات بڑھ گئیں
May 11, 2016

واشنگٹن (ویب ڈیسک) ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کو پارٹی کی طرف سے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ متنازعہ ٹرمپ کے پاس انتخابی مہم چلانے کےلئے ڈونرز بھی نہیں ہیں جبکہ ارب پتی سیاست دان کانام پاناما پیپرز میں بھی آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ارب پتی سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں اپنے باقی حریفوں کو تو ہرا دیا لیکن منزل ابھی بھی ان سے دور ہے کیونکہ جناب کو اپنی جماعت ری پبلکن سے ابھی تک صدارتی امیدوار کی نامزدگی کےلئے کلین چٹ نہیں ملی۔ وائٹ ہاوس تک پہنچنے کےلئے ٹرمپ کو کئی رکاوٹیں عبور کرنا ہوں گی۔

ان میں سرفہرست خاتون ووٹرز کی حمایت حاصل کرنا ہے جو اب تک ناممکن دکھائی دے رہا ہے کیونکہ ایک سروے میں 75فیصد خواتین نے ٹرمپ کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ میکسیکو مخالف بیانات دینے پر ٹرمپ کی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

ایک سروے کے مطابق اکاسی فیصد شہریوں نے متنازعہ سیاستدان کے خلاف منفی رائے دی۔ صدارتی مہم کو کامیاب بنانے کےلئے ڈونرز بھی اہم کارڈ ہیں جو ٹرمپ کو لفٹ کرانے کو تیار نہیں۔ صدارتی مہم کےلئے ایک ارب ڈالر درکار ہیں لیکن ٹرمپ کے پاس صرف سینتالیس ملین ڈالر ہیں۔

ٹرمپ کو پارٹی میں بھی خاصی مزاحمت کا سامنا ہے۔ اپنے نفرت انگیز بیانات کے باعث کوئی بھی ان کی حمایت کےلئے تیار نہیں۔ ادھر پاناما پیپرز کی دوسری قسط میں ڈونلڈ ٹرمپ کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ آئی سی آئی جے کی جانب سے جاری کئے گئے ڈیٹا میں ٹرمپ کا نام ساڑھے تین ہزارسے زائد بار سامنے آیا ہے۔