Thursday, April 25, 2024

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی ، وزیراعظم نے الیکشن کمیشن میں جواب  جمع کرادیا

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی ، وزیراعظم نے الیکشن کمیشن میں جواب  جمع کرادیا
June 27, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے نوٹس پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن میں باضابطہ جواب جمع کر ادیا گیا جس میں کہا گیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی۔ وزیراعظم کی جانب سے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرایا ،  جواب میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی  کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن  سے 19 جون کو جاری کردہ  نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ الیکشن  کمیشن میں جمع کرائے گئے تحریری جواب  میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کابینہ کے رکن علی محمد مہر کے انتقال پران کے اہلخانہ سے تعزیت کےلیے گھوٹکی گئے، وزیراعظم نے وہاں کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ لیا نہ ہی میڈیا سے گفتگو کی۔ تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ  انتخابی  ضابطہ اخلاق کی شق 17 بی صدر، وزیراعظم، کابینہ ارکان کی ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی سرگرمیوں میں شمولیت پرقدغن عائد کرتی ہے، مذکورہ شق کسی طورپرتعزیت سے نہیں روکتی۔ جواب میں کہا گیا کہ  وزیراعظم کیخلاف بے بنیاد، جھوٹی اور من گھڑت درخواست داخل کرکے سنسنی پھیلائے گئی، جھوٹا بیان داخل کرنے والے شخص کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا مکمل اختیار رکھتے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے درخواست گزار کی درخواست و بیان حلفی کی نقول فراہم کی جائے۔