Sunday, September 8, 2024

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، الیکشن کمیشن کی جانب سے عابد شیر علی، چودھری شیر علی اور طاہر جمیل تین نومبر کو طلب

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، الیکشن کمیشن کی جانب سے عابد شیر علی، چودھری شیر علی اور طاہر جمیل تین نومبر کو طلب
October 31, 2015
فیصل آباد (نائنٹی ٹو نیوز) انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت عابد شیر علی، چودھری شیر علی اور رکن صوبائی اسمبلی طاہر جمیل کو تین نومبر کو طلب کر لیا مگر تیز باؤنسرز کے چکر میں الیکشن کمیشن نے نو بال ہی کرا ڈالی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پابندی کے باوجود جلسے کا انعقاد اور بارہ بجے انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی جلسے کو جاری رکھنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے وزیر مملکت عابد شیر علی، چوہدری شیر علی، رکن اسمبلی طاہر جمیل، سابق رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اسلام، سی سی پی او اور ڈی پی او فیصل آباد کو تین نومبر صبح دس بجے طلب کر لیا ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے پھرتی میں نوٹسز پر تاریخ تین نومبر کے بجائے تین اکتوبر ہی لکھ دی ہے۔ دوسری طرف میڈیا کو بریفنگ میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بڑے سکیل پر فوج دستیاب نہیں اس لئے بلدیاتی الیکشن میں صرف ضرورت پڑنے پر حساس علاقوں میں فوج تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں چھیالیس لاکھ سترہ ہزار دو سو چوبیس ووٹرز اور چار ہزار انیس پولنگ اسٹیشنز ہیں اور بلدیاتی حلقوں کی تعداد دو ہزار تین سو تینتیس ہے جبکہ دس ہزار ستاسی امیدوار میدان میں ہیں۔ پنجاب میں کل ایک لاکھ پچپن ہزار انتخابی عملہ فرائض سرنجام انجام دے گا۔ کل پولنگ اسٹیشن سولہ ہزار دو سو چھیاسٹھ ہیں جبکہ چھے ہزار چار سو دو امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ گجرات اور فیصل آباد کی سات نشستوں کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی نہیں ہو سکی جہاں الیکشن انیس نومبر کو کرایا جائے گا۔