Thursday, April 18, 2024

انتخابات میں کھربوں روپے کے اثاثوں کا دعویٰ کرنے والا مظفرگڑھ سے آزاد امیدوار فراڈیا نکلا

انتخابات میں کھربوں روپے کے اثاثوں کا دعویٰ کرنے والا مظفرگڑھ سے آزاد امیدوار فراڈیا نکلا
June 5, 2021

مظفرگڑھ (92 نیوز) 2018ء کے عام انتخابات میں 4 کھرب روپے سے زائد اثاثے ظاہر کرنے والا آزاد امیدوار فراڈیا نکلا۔

2018ء کے عام انتخابات کے موقع پر مظفرگڑھ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 182 سے آزاد امیدوار میاں محمد حسین مناشیخ نے بھی حصہ لیا تھا۔ منا شیخ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کی مالیت 4 کھرب روپے سے زائد ظاہر کرکے شہرت حاصل کی تھی۔ مظفرگڑھ پولیس نے کھربوں روپے کے اثاثوں کا دعویٰ کرنے والے مناشیخ کو فراڈیا قرار دیا ہے۔

پولیس کیمطابق مناشیخ نے کسی اور شخص کے نام پر نکلوائی گئی سم سے حساس ادارے کا جعلی آفیسر بن کر تھانہ سول لائن کے سب انسپکٹر کو فون کیا۔ اس موقع پر سابقہ آزاد امیدوار نے سب انسپکٹر کو دھمکی دیکر اپنے ساتھی کا مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا۔

پولیس کیمطابق ملزم اس سے قبل بھی حساس ادارے کا جعلی آفیسر بن کر کئی سرکاری دفاتر اور افسران کو فون کرتا اور دھمکاتا رہتا تھا۔ پولیس ترجمان کیمطابق میاں محمد حسین مناشیخ کو گرفتار کرکے انکے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔