Monday, September 16, 2024

انا للہ وانا الیہ راجعون – سابق آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حمید گل خالق حقیقی سے جا ملے

انا للہ وانا الیہ راجعون – سابق آئی ایس آئی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حمید گل خالق حقیقی سے جا ملے
August 16, 2015
راولپنڈی (نائنٹی ٹو نیوز) پاک فوج کے نامور جنرل اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل اناسی برس کی عمر میں سی ایم ایچ مری میں انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ آج راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔ ریٹائرڈ جنرل حمید گل کو برین ہمیرج کے باعث ہفتے کی رات سی ایم ایچ مری لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ ڈاکٹروں کے مطابق حمید گل کا انتقال دماغ کی شریان پھٹنے سے ہوا۔ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی صاحبزادی عظمی گل اور داماد بھی انتقال کے وقت اسپتال میں موجود تھے۔ اہلخانہ کے مطابق ہفتہ کی شام جنرل حمید گل کو برین ہیمبریج ہوا۔ ڈاکٹروں کہنا تھا کہ ان کا بلڈ پریشر انتہائی کم تھا جس کے باعث انہیں مری سے راولپنڈی منتقل نہ کیا جا سکا۔ انہیں آج راولپنڈی میں سپرد خاک کیا جائیگا۔ ان کے صاحبزادے عبداللہ گل ترکی کے دورے پر تھے جہاں سے وہ پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ جنرل ریٹائرڈ حمید گل بیس نومبر انیس سو چھتیس کو سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ وہ ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے مہمند قبیلے سے ہے۔ ان کا خاندان ہجرت کر کے پہلے لاہور آیا اور وہاں سے سرگودھا منتقل ہو گیا۔ جنرل حمید گل نے انیس سو چھپن میں پاک فوج میں کمشن حاصل کیا اور انیس سو ستاسٹھ اڑسٹھ میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ سے کمانڈ کورس کیا۔ وہ بھارت سے انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں چونڈہ کے محاذ پر ٹینک کمانڈر تھے۔ وہ انیس سو بہتر سے چھہتر تک بٹالین کمانڈر رہے۔ انیس سو اٹھتر میں انہیں بریگیڈیئر کے عہدے پر اور انیس سو اسی میں فرسٹ آرمر ڈویژن ملتان کور کے کمانڈر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ جنرل ضیاالحق کے دور میں حمیدگل کو ڈی جی ملٹری آپریشن کے طور پر جی ایچ کیو بھیجا گیا۔ جنرل ضیاالحق نے حمید گل کو جنرل اختر عبدالرحمان کے بعد آئی ایس آئی کا سربراہ مقرر کیا۔ حمیدگل نے انیس سو نواسی میں ضرب مومن جنگی مشقوں کا انعقاد کیا۔ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کو ستارہ امتیازملٹری، ستارہ بسالت اور ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔ آرمی چیف جنرل آصف نواز نے انہیں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا ڈی جی بنایا تو انہوں نے احتجاجاً انیس سو بیانوے میں ریٹائرمنٹ لے لی۔ حمید گل مجاہدین اور افغان طالبان سے متعلق خاص نقطہ نظر رکھتے تھے اور آخر دم تک وہ امریکی جارحیت اور استعماری طاقتوں کے خلاف جہاد کرتے رہے۔ جہاد افغانستان اور کشمیر کے حوالے سے ان کا کردار ہمیشہ نمایاں رہے گا۔ جنرل حمید گل کو عسکری خدمات پر ستارہ بسالت اور ہلال امتیاز ملٹری دیا گیا۔ صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت سیاسی وعسکری شخصیات نے جنرل حمید گل کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔