Friday, April 19, 2024

امیرالبحر کی امریکہ میں منعقدہ انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت

امیرالبحر کی امریکہ میں منعقدہ  انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت
September 18, 2018
واشنگٹن ( 92 نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے امریکہ میں منعقدہ 23 ویں انٹر نیشنل سی پاور سمپوزیم 2018 میں شرکت کی ، اس موقع پر امریکہ کے تھنک ٹینک اور سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں ۔ امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی 23 ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کے لئے امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں ،  دورے کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے خاتون کانگریس رکن شیلا جیکسن ،ایشئن پیسیفک ، ڈیپارٹمنٹ آف ڈیفنس رینڈل شرائیور،پریزیڈنٹ سنٹر فارنیو امریکن سکیورٹی رچرڈ فونٹین، وائس پریزیڈنٹ ہیریٹج ڈاکٹر جیمز جے کارافانو اوراٹلانٹک کونسل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب فریڈریک کیمپ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول دو طرفہ دفاعی تعلقات اور بحرِ ہند کی سکیورٹی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ عالمی معیشت کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے مستحکم ، محفوظ اور پُر امن میری ٹائم ماحول کے سلسلے میں پاکستان اور امریکہ مشترکہ نظریے پر متفق ہیں۔ نیول چیف نے کثیرالقومی چیلنجز اور میری ٹائم خطرات کابھرپور انداز سے مقابلہ کرنے کےلئے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔ امریکی عہدیداران نے میری ٹائم خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہا۔