Friday, April 19, 2024

امیرالبحر ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا ساحلی تنصیبات کا دورہ

امیرالبحر ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا ساحلی تنصیبات کا دورہ
October 26, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ساحلی تنصیبات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ پاک بحریہ کی اہم بحری مشق " سی سپارک 2018 "میں شامل دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مکران کوسٹ پرگوادر ، تربت اور جناح نیول بیس اورمارہ میں قائم پا ک بحریہ کی تنصیبات کا دور ہ کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف گوادر میں ہیڈکوارٹر کمانڈر ویسٹ پہنچے جو ٹاسک فورس 88 کے ذریعے پاک چین اقتصادی راہ داری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والی گوادر پورٹ کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی کے بحری جہازوں کو لاجسٹک اسپورٹ فراہم کرنے کا ذمّہ دار ہے۔ نیول چیف کی گوادر آمد پر کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمر ل معظم الیاس اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے ان کاخیر مقدم کیا۔ نیول چیف کو مغربی ساحل اور گوادر پورٹ کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ کے آپریشنل یو نٹس کی تعیناتی اور فضائی خطرے سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعدازیں چیف آف دی نیول اسٹاف نے زمین سے فضاء میں مار کرنے والے تین مختلف قسم کے میزائلوں کی فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ نیول چیف نے گوادر فری زون کاروباری مرکز کا بھی دورہ کیا۔ چینی حکام کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی گوادر پورٹ کی ہرطرح کے غیرروائتی حظرے سے حفاظت کے لئے پر عزم اور ہمہ وقت تیار ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر پاک چین اقتصادی راہ داری ( CPEC) کا مرکز ہے اور گوادر پورٹ کوعالمی تجارتی مراکز سے ملانے والے بحری راستے پاک چین اقتصادی راہ داری کا حصہ ہیں۔ بعد ازاں، چیف آف دی نیول اسٹاف نے تربت اور جناح نیول بیس اورماڑہ کا دورہ کیا۔ تربت آمد پرکمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل محمد امجد نیازی نے چیف آف دی نیول اسٹاف کا استقبال کیا۔ اس دوران تربت اور اورماڑہ کے ساحلی اسٹیشنز میں جاری آپریشنل سرگرمیوں کے بارے میں چیف آف دی نیول اسٹاف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف آف نیول اسٹاف نے مختلف اسٹیشنز پر افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور مادرِ وطن کے نا قابلِ تسخیر دفاع کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔ نیول چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں اور قومی بحری مفادات کا دفاع ہر قیمت پرکرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر دشمن نے کسی بھی جارحیت کا ارتکاب کیا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔