Friday, April 19, 2024

امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا ساحلی تنصیبات اور اگلے مورچوں کا دورہ

امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا ساحلی تنصیبات اور اگلے مورچوں کا دورہ
March 7, 2019
 کراچی (92 نیوز) موجودہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر پاک بحریہ کے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ساحلی ، کریک ایریا، کراچی میں بحری یونٹس اور سمندر میں تعینات جنگی جہازوں کا دورہ کیا۔ نیول چیف کو جوانوں اور بحری یونٹس کے مختلف شعبہ جات میں آپریشنل تعیناتی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دوروں کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف نے جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور وطن کے نا قابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے میں پیشہ وارنہ مہارت اور بلند حوصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے اور جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہر دم چوکس اور تیار ہے۔ ایڈمرل نے کہا کہ دشمن کی عددی برتری کے باوجود ہم ہر قیمت پر ملک کے بحری دفاع کو یقینی بنانے اور بحری مفادات کی حفاظت کرنے کے لئے ہر دم چوکنا ہیں ۔ ہمارا اللہ پر ایمان ، ہمت اور وطن کی حفاظت کا جذبہ ہماری صلاحیتوں کو اور استحکام عطا کرتا ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے تربت میں نیول ائیرسٹیشن اور مشرقی سرحد سے ملحق کریک ایریا میں اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا۔