Friday, March 29, 2024

امیر قطر آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

امیر قطر آج دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
June 22, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی دو روزہ دورے پر آج  پاکستان پہنچیں گے ، وزیراعظم عمران خان  استقبال کریں گے، امیر قطر کو 21 توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا ، دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں کئی معاہدوں  پردستخط ہوں گے۔

استقبال کی تیاریاں

شاہی مہمان کے شاہانہ استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، امیرقطر شیخ تمیم بن حمادالثانی آج شام چھ بجے پاکستان پہنچیں گے،وزیراعظم عمران خان  نورخان ایئربیس پر استقبال کریں گے۔

مرکزی تقریب

امیر قطر کے استقبال کی مرکزی تقریب  وزیراعظم ہاؤس میں شام ساڑھے 6 بجے منعقد ہو گی ،پاکستان کی شان  جے ایف 17 تھنڈر طیارےشاہی مہمان کو سلامی دیں گے ۔ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کا آغاز رات سات بج کر بیس منٹ پر  ہو گا ، دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب رات آٹھ بجکر بیس منٹ پر ہو گی،جس کے بعد وزیراعظم امیر قطر کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

 ایوان صدر کا دورہ

امیر قطر اتوار کی صبح 11 بجے ایوان صدر کا دورہ کریں گے، صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ ملاقات صبح ساڑھے 11 بجے ہو گی ،شیخ تمیم بن حمادالثانی 12 بجے سرمایہ کاری  کی تقریب میں شرکت کریں گے،امیر قطر  دن ایک بجے واپسی کے لیے ائیر پورٹ روانہ ہوں گے۔

سکیورٹی کے انتظامات

امیر قطر کی اسلام آباد آمد سے قبل سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دئیے گئے ہیں ضلعی انتظامیہ نے میٹرو بس اور ہائیکنگ ٹریلز کو دو روز کے لئے بند کر دیا ۔ ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، آئی جی اسلام آباد نےافسران کو سکیورٹی معاملات خود مانیٹر کرنے کی ہدایت  کی ہے۔