Monday, September 16, 2024

امیر حیدر ہوتی کے معاون خصوصی معصوم شاہ گرفتار

امیر حیدر ہوتی کے معاون خصوصی معصوم شاہ گرفتار
August 12, 2015
پشاور(92نیوز)قومی احتساب بیورو نے سابق وزیراعلٰی امیرحیدرہوتی کے معاون خصوصی سید معصوم شاہ کو بدعنوانی اور اپنی حیثیت سے زیادہ اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔ تفصیلات  کےمطابق قومی احتساب بیورو نےسید معصوم شاہ کو اپنی حیثیت سے زیادہ اثاثےرکھنے اور بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ قومی احتساب بیورو کے مطابق اس وقت کے وزیراعلٰی امیرحیدرہوتی کے پاس سی اینڈ ڈبلیو اور پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے قلمدان تھے۔ سید معصوم شاہ نے ان محکموں میں قواعد کےخلاف بھرتیاں اور تبادلے کئے۔ سیاسی حیثیت کے غلط استعمال اور بدعنوانی کے باعث وہ " ایس ایم ایس" کے نام سے جانے اور پہچانے لگے، نیب کے مطابق معصوم شاہ نے بارہ کنال پر حجرہ تعمیر کرایا۔ حیات آباد ریگی اور ڈی ایچ اے کراچی دو قیمتی پلاٹس حاصل کئے۔ بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں ٹیولپ روڈ پر قیمتی بنگلہ بنایا۔ زریاب کالونی ایک کنال پر مکان، تہکال میں تین کنال اور ورسک روڈ پر ایک کنال اراضی خریدی۔ ان کے ملکی اورغیرملکی کرنسی میں اکائونٹس میں کافی بیلنس موجود ہے۔ سید معصوم شاہ کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کےلئے انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائےگا۔ قومی احتساب بیورو نے اس سے قبل سابق وزیر مرید کاظم کو بھی گرفتار کرلیا ہے جبکہ مزید تین انتہائی اہم سیاستدانوں کی گرفتاری عنقریب متوقع ہے۔ اسی طرح احتساب کمیشن نے حال ہی میں سابق دورحکومت کے وزیر محمود زیب اور لیاقت شباب کو گرفتارکیا تھا جبکہ پی ٹی آئی کے صوبائی وزیرضیاء اللہ آفریدی احتساب کمیشن کی حراست میں ہیں۔