Friday, May 10, 2024

امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا دورہ چین ، ہائی لیول سمپوزیم سے خطاب

امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا دورہ چین ، ہائی لیول سمپوزیم سے خطاب
April 25, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے دورہ چین کے دوران گنگ ڈاؤکے ساحلی شہر میں منعقدہ ہائی لیول سمپوزیم سے خطاب کیا۔
امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چین کی 70ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیر البحر نے گنگ ڈاﺅ کے ساحلی شہر میں منعقدہ ہائی لیول سمپوزیم سے”گزشتہ اور موجودہ ورلڈ آرڈر۔ سمندر میں بحری افواج کا کردار“کے موضوع پرخطاب کیا۔
نیول چیف نے بحری دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے عزم خصوصاً خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے اقدام پر روشنی ڈالی۔
امیر البحرایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اعلی سطح سمپوزیم کے موقع پر جبوتی، ایران، جاپان، مراکش اور پولینڈ کی بحری افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ دلچسپی اور بحری تعاون کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کے مطابق چینی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل شن جن لانگ نے امیر البحر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اِس موقع پر دوطرفہ بحری اشتراک سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا ”کثیرالقومی مشق امن 2019 “میں چینی بحریہ کی شرکت پراظہارتشکر بھی سامنے آیا۔ ترجمان کہتے ہیں نیول چیف کا دورہ چین ،دونوں ممالک اور بحری افواج کے مابین کلیدی بحری اشتراک میں وسعت کا باعث ہو گا۔