Sunday, May 19, 2024

امیدوار یا بااختیارنمائندے کی عدم موجودگی میں نتیجہ مرتب نہیں ہو گا، الیکشن کمیشن

امیدوار یا بااختیارنمائندے کی عدم موجودگی میں نتیجہ مرتب نہیں ہو گا، الیکشن کمیشن
July 17, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) عام انتخابات2018 کیلئے الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران حتمی نتیجہ مرتب کرنے کے لئے تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کرنے کے پابند ہوں گے، امیدوار یا ان کے بااختیار نمائندہ کی عدم موجودگی میں نتیجہ مرتب نہیں ہو گا۔ ریٹرننگ افسران غیر حتمی نتیجہ فارم 47 پر ، پولنگ اسٹیشن وائز نتیجہ فارم 48 پر جبکہ حتمی نتیجہ فارم 49 پر تیار کرینگے۔ الیکشن کمیشن سے جاری ہدایات کے مطابق ریٹرننگ افسران جتنا جلدی ہوسکے غیر حتمی نتیجہ تیار کرینگے جبکہ پوسٹل بیلٹ کی تعداد حتمی نتیجہ مرتب کرتے وقت شامل کی جائے گی۔ ادھر الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق انتخابی عملے کی جانب سے کاغذات میں کوئی ردوبدل جرم ہو گا اور جان بوجھ کر بیلٹ پیپر پر سرکاری مہر کو خراب کرنا بھی جرم ہو گا۔ اس کے علاوہ بیلٹ پیپر اٹھانا، دوسرا بیلٹ پیپر ڈالنا، بیلٹ باکس کی سیل توڑنا، مہر کیساتھ جعلسازی بھی جرم ہو گا، جس پر انتخابی عملے کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکیں گی۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ ووٹر کی رازداری افشا کرنا، بیلٹ پیپر پر لگائی مہر سے متعلق کسی کو اطلاع دینا بھی غیر قانونی ہو گا،جس پر انتخابی عملے کو 2 سال قید،ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔ الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ووٹوں کی گنتی کے وقت امیدوار یا ان کے حق میں ووٹ ڈالے جانے کی اطلاع دینے پر 6 ماہ قید یا ایک لاکھ جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے ۔