Sunday, September 8, 2024

امید ہے بھارت کشمیری رہنماﺅں کو سرتاج عزیز کیساتھ ملاقات سے نہیں روکے گا: دفترخارجہ

امید ہے بھارت کشمیری رہنماﺅں کو سرتاج عزیز کیساتھ ملاقات سے نہیں روکے گا: دفترخارجہ
August 20, 2015
اسلام آباد (92نیوز) دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنماوں کے ساتھ مشاورت معمول کی بات ہے۔ توقع ہے کہ بھارت کشمیری رہنماوں کو سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات سے نہیں روکے گا۔ مسئلہ کشمیر ملاقات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مذاکرات سے پہلے پاکستان ہمیشہ کشمیری رہنماوں کو اعتماد میں لیتا ہے، امید ہے کہ بھارت کشمیری رہنماوں کو سرتاج عزیز سے ملاقات سے نہیں روکے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت سلامتی مشیروں ملاقات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ بھارت نے دو ماہ میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر فائر بندی معاہدے کی ستر مرتبہ خلاف ورزی کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغان مفاہمتی عمل میں کردار محض ایک معاون کا ہے، بین الاقوامی برادری نے ہمارے کردار کو سراہا، اب افغانستان پر منحصر ہے کہ مذاکرات کا دوسرا دور کب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ آپریشن ضرب عضب تمام گروہوں کے خلاف ہورہا ہے، دہشت گردوں کو اچھے یا برے ہونے کی درجہ بندی نہیں کرتے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات نہایت اہم ہیں، امریکہ کے ساتھ اتحادی سپورٹ فنڈ سمیت مختلف ایشوز پر بات ہوتی رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ دفاع اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں، ایک ملین پاکستانی یو اے ای میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ ایک سوال پر ترجمان نے بتایا کہ انہیں تفصیل معلوم نہیں کہ تلور کے شکار کا لائسنس کتنے عرب شہزادوں کے پاس ہے۔