Sunday, September 8, 2024

امید ہے ایم کیو ایم دوبارہ اسمبلیوں میں آ جائیگی، بھارت کو مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہئیں: قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ

امید ہے ایم کیو ایم دوبارہ اسمبلیوں میں آ جائیگی، بھارت کو مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہئیں: قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ
August 22, 2015
سکھر (نائنٹی ٹو نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے امید ظاہر کر دی ہے کہ ایم کیو ایم دوبارہ اسمبلیوں میں آجائے گی۔ سکھر میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خدشات دور کیے جائیں کیونکہ وہ اپوزیشن کا حصہ ہیں اور جب مذاکرات ہوں گے تو ان کے تحفظات بھی دور کیے جائینگے۔ خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ میری مودی سرکار کو تجویز ہے کہ مسائل مذاکرات سے حل کرنا چاہئیں اور سرتاج عزیز کو بھارت جانا چاہئیے۔ ایل او سی کی خلاف ورزی کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہئیے کیونکہ یہ طے تھا کہ جو مذاکرات سے ہٹے گا وہ امن نہیں چاہتا۔ پاکستان امن چاہتا ہے وہ نہ صرف خطے میں بلکہ دنیا بھر میں امن چاہتا ہے اور اس کی پالیسی امن کی پالیسی ہے۔ میں نے تو کل ہی عندیہ دیا تھا کہ سرتاج عزیزکی حریت رہنمائوں سے ملا قات میں بھارت رکاوٹ بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ضرب عضب آپریشن تیزی سے جاری ہے تو اسی طرح سے تیزی سے ری ایکشن بھی آسکتا ہے۔ شجاع خانزداہ پر حملہ دہشتگردوں کا ری ایکشن ہو سکتا ہے تاہم رشید گوڈیل پر حملہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاور ہاؤسز کو تیل پر چلایا جائےتو بجلی عوام کو بارہ سے تیرہ روپے کم میں ملے گی۔ حکومت کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ لینا چاہیئے۔