Saturday, May 4, 2024

امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل ہونا ضروری ہے ، صدر عارف علوی

امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل ہونا ضروری ہے ، صدر عارف علوی
February 26, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور بھارت میں دیرپا امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل کو ناگزیر قرار دے دیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھاکہ پاکستان امن چاہتا ہے، بار بار کہتے ہیں ہم امن چاہتے ہیں، پاکستانی وزیراعظم نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ، کسی بھی تنازعے کو ابھارنے یا حل کرنے میں میڈیا اہم کردار ادا کرتا ہے،میڈیا مبصر کا کردار ادا بھی کرتا ہے، پیغام رساں پر اعتماد نہ ہو تو پیغام کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ پاکستان میں رات گئے بھارتی طیاروں کی در انازی  پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ گورنر پنجاب  چودھری سرور نے ٹویٹ میں کہاکہ پاکستانی شاہینوں نے ہمیشہ کی طرح دشمن کو منہ توڑ جواب دیا،آج ملکی دفاع کیلئے پوری قوم  فوج اور حکومت کیساتھ کھڑی ہے ۔ چودھری سرور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی بھارتی فضائیہ کی در اندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  بھارت نے جنگ شروع کی تو انشاء اللہ نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا،مودی  خاکروبوں کے پاؤں دھونے سے بڑا اور عظیم کام جنوبی ایشیاء کے بےگناہ انسانوں اور غریبوں کو جنگ کی بھٹی میں نہ دھکیل کر کر سکتے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مودی بے گناہ نہتے کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں،،بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور جنوبی ایشیاء کے امن کو اپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے، پاکستان کی امن پسندی اور تحمل مزاجی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھارتی دراندازی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، اگر بھارت نے جارحیت کی تو پاک فوج اسکا منہ توڑ جواب دیگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ، مودی اپنے الیکشن کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا اور خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے ۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ  پاکستانی فوج دشمن کو بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ، بھارت نے جنگ شروع کی تو اُسے بھاگنے نہیں دینگے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ بھارتی ائیر فورسز کا لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی مودی کے جنگی جنون کو ثابت کرتی ہے ۔ مودی خطے کے امن کو برباد کرنے پر تلا ہوا ہے ۔ سینیٹر رحمان ملک کہا کہ بھارتی ائیر فورس کی خلاف ورزی واضح کرتی ہے کہ پلواما واقع خود مودی سرکار نے کرایا ، مودی پاکستان کو بڑے رد عمل پر بڑھکانے کی کوشش کررہا ہے۔ مودی کا جنگی جنون پورے حطے اور عالمی دنیا کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ فضائیہ کی زبان میں پے لوڈ گرا کر بھاگنا جوتا چھوڑ کر بھاگنا کہا جاتا ہے ، بھارتی  وزارت دفاع خود معاملے سے انکار کررہی ہے،بھارت اس طرح کے ہتھکنڈوں سے پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ  سکتا، زبردستی پاکستان  پر جنگ  کا ڈھول نہ لٹکائے۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اپنے فرض سے غافل نہیں ضرورت پڑنے پر بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔