Tuesday, April 16, 2024

امن کی بہتری کیلئے شہدائے اے پی ایس کی قربانیاں قرض ہیں ، آرمی چیف

امن کی بہتری کیلئے شہدائے اے پی ایس کی قربانیاں قرض ہیں ، آرمی چیف
December 16, 2017

راولپنڈی ( 92 نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن کے دشمنوں کو ہرانے کےلئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور فوج کی پیشہ وارانہ مہارت نے دہشتگردی کےخلاف جنگ کا رخ بدل دیا۔ تین سال پہلے دشمن نے بہت دکھ پہنچایا ۔ شہدائے اے پی ایس کو بھولے نہیں۔


آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے بیان اور جہلم فائرنگ رینج کے دورے کے موقع پر 37 ویں قومی شوتنگ مقابلوں کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کہا کہ قومی عزم و ایمان کے ساتھ قوم نے سانحہ آرمی پبلک سکول کو برداشت کیا ۔ امن کی بہتری کےلئے بچوں کی قربانیاں قرض ہیں ۔ ان کی عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کاکہنا تھا کہ اے پی ایس کے معصوم بچوں اور ان کے خاندانوں کی قربانیاں وطن سے لازوال محبت میں ہمارے غیر متزلزل ارادوں کی عکاس اور ناقابل فراموش ہیں ۔ شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک کی مضبوطی کےلئے اپنا کردار ادا کیا جائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن قومی شوٹنگ مقابلوں کی فاتح اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے ۔
مقابلوں میں 142 سویلینز سمیت 811 نشانہ بازوں نے حصہ لیا ۔ پاکستان رینجرز ، لاہور گیریژن ، وفاقی رائفل ایسوسی ایشن اور پولیس سمیت 25 ٹیمیں مقابلوں میں شریک ہوئیں ۔
پاک آرمی کی ٹیم نے سب زیادہ پوائنٹس لیکر مقابلے جیت لیے ۔ تقریب میں راولپنڈی ، منگلا ، گوجرانوالہ ، لاہور، ملتان اور بہاولپورکے کور کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔