Sunday, September 8, 2024

امن وامان کی خاطر حکومت سے سیاسی اختلاف کے باوجود نیشنل ایکشن پلان پر ساتھ ہیں: شاہ محمود قریشی

امن وامان کی خاطر حکومت سے سیاسی اختلاف کے باوجود نیشنل ایکشن پلان پر ساتھ ہیں: شاہ محمود قریشی
August 20, 2015
ملتان (نائنٹی ٹو نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملک میں امن وامان کی خاطر حکومت سے سیاسی اختلاف کے باوجود نیشنل ایکشن پلان پر ساتھ ہیں۔ اشارے مل رہے ہیں کہ ایم کیو ایم جلد اسمبلی میں واپس آجائے گی۔ ملتان میں بی بی پاک مائی کے سات سو اکتالیسویں عرس کی تقریب میں شرکت کے بعد نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی شہادت قومی نقصان ہے جس پر انہیں انتہائی افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے رہنماء فاروق ستار سے فون پر رابطہ کر کے رکن قومی اسمبلی رشید گڈول پر فائرنگ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مجھے اشارے مل رہے ہیں کہ ایم کیو ایم جلد اسمبلیوں میں واپس آجائے گی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے دن ہی ملک میں موروثی سیاست کے خلاف ہیں اس لئے انہوں نے ریہام خان کو سیاسی سرگرمیوں میں جانے سے منع کر دیا ہے۔ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ فوج ملک وقوم کی خاطر وانا وزیرستان میں تیزی سے کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر اختلافات کے باوجود حکومت کا ساتھ دیتے رہے ہیں اور آگے بھی ہر طرح سے ساتھ دیں گے۔