Saturday, April 20, 2024

امن معاہدہ ، ٹرمپ کا مئی تک 5 ہزار امریکی فوجی واپس بلانے کا اعلان

امن معاہدہ ، ٹرمپ کا مئی تک 5 ہزار امریکی فوجی واپس بلانے کا اعلان
March 1, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امن معاہدہ کے بعد صدر ٹرمپ نے مئی تک پانچ ہزار امریکی فوجی واپس بلانے کا اعلان کردیا۔ امریکی صدر نے افغان طالبان کے ساتھ امن معاہدے کو شاندار قرار دے دیا۔ کہا کہ اب اپنے فوجیوں کو وطن واپس لانے کا وقت آ چکا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بہت جلد طالبان رہنماؤں سے ملاقات کا بھی اعلان کردیا۔ افغان جنگ میں امریکا کو شکست ہوئی یا فتح یہ تو الگ بحث ہے، تاہم امن معاہدے میں بد امنی کو بدترین شکست اٹھانا پڑی۔ امریکی صدرنے وائٹ ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں طالبان کے ساتھ معاہدے پر بہت خوشی ہے۔ اب امریکی فوجیوں کو واپس وطن لانے کا وقت آن پہنچا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی تک 5000 امریکی فوجیوں کو افغانستان سے نکالنے کا اعلان بھی کر دیا، جبکہ معاہدے کے تحت امریکی اور اتحادی افواج 14 ماہ میں پوری طرح افغانستان سے نکل جائیں گی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہر کوئی جنگ سے تنگ آچکا تھا، طلبان بھی معاہدہ کرنا چاہتے تھے۔اب جبکہ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں۔ امریکی صدر نے طالبان کو خبراداربھی کیا کہ اگر کچھ غلط ہوا تو امریکا دوبارہ افغانستان میں واپس آ جائے گا، اور وہ بھی ایسی قوت کیساتھ جس کی مثال نہ مل سکے۔ امریکی صدرنے افغان امن معاہدے پر وزیر خارجہ مائیک پومپیو، وزیر دفاع مارک ایسپر اور امریکی عوام کو مبارکباد پیش کی۔ جبکہ ٹرمپ نے یہ پیش گوئی بھی کی کہ افغان طالبان اور عمائدین کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی کامیاب ہونگے۔ ادھر افغان صدر اشرف غنی کہتے ہیں تمام فریقین معاہدے کی پاسداری کرینگے، پاکستان اور دیگر برادر ممالک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔