Tuesday, May 21, 2024

امن اور انصاف الگ الگ نہیں چل سکتے، مراد علی شاہ

امن اور انصاف الگ الگ نہیں چل سکتے، مراد علی شاہ
November 2, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے امن اور انصاف الگ الگ نہیں چل سکتے۔

 کراچی کے مقامی ہوٹل میں قومی پارلیمانی کانفرنس ہوئی۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا جب تک امن قائم نہیں ہو گا ہم ترقی کی طرف نہیں جا سکتے۔ ہم نے 2007 میں اس ملک کی سب سے بڑی امید شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو کھو دیا۔ انہوں نے آخری تقریر میں کہا تھا کہ وہ امن لائیں گی ، اس کے بعد بھی ہم نے امن کو ہی ترجیح دی۔ ہم نے اتحادی حکومت بنائی، صرف اس وجہ سے اس ملک میں امن لانا ہے۔ ہر کسی کو پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہ ہونا ہو گا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا امن اور انصاف کے بغیر بہتر معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔ ایک دوسرے کا احترام نہ کیا تو معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ہم جہاں سے منتخب ہو کر آئے ہیں ان کو امن اور سہولیات دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ 2030 کے گولز ہمیں اچیو کرنا ہے۔ صوبوں کا کردار اس مقصد کے لئے اہم ہے۔ یکساں نصاب موجودہ حکومت کا احسن اقدام ہے۔

رہنما ن لیگ احسن اقبال نے تقریب سے خطاب میں کہا ہماری سیاست میں شدت پسندی کا عنصر بڑھتا جا رہا ہے۔ اس عنصر کو بڑھانے میں سب ہی شامل ہیں۔ ناانصافی، غربت، تعلیم کی کمی بھی شدت پسندی کو بڑھانے کا سبب بنتی ہے۔ تعصب و عصبیت کی بیماری اگر ہو تو باقی سب پیچھے رہ جاتا ہے۔ تعصب وعصبیت کو مٹانے کا سب سے موثر ذریعہ مکالمہ ہے۔ ایک دوسرے کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اگر یہ عمل نہ ہو تو سب ہی اپنی اناؤں اور عصبیت کی بلندیوں پر کھڑے رہیں گے۔