Friday, March 29, 2024

امریکیوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا

امریکیوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا
March 23, 2017
واشنگٹن (92 نیوز) امریکیوں کی اکثریت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ٹرمپ کی کارکردگی سے مطمئن امریکیوں کی شرح ڈیڑھ مہینے میں اکتالیس فیصد سے کم ہو کر سینتیس فیصد پر آگئی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی عوام میں اپنی مقبولیت آہستہ آہستہ کھو رہے ہیں۔ متنازعہ فیصلے، انتخابات میں روسی مداخلت اور صدر ٹرمپ کے روسی رہنماؤں سے رابطوں کے تانے بانے امریکی عوام کو ان سے متنفر کر رہے ہیں۔ امریکی رائے عامہ کے تازہ ترین سروے میں 56 فیصد امریکی عوام نے ٹرمپ کی بطور صدر کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ صرف 37 فیصد لوگوں نے ان کے کام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہ شرح مارچ کے شروع میں 41 فیصد تھی جس میں صرف ڈیڑھ مہینے کے دوران 4 فیصد کمی ہوگئی ہے۔ پول کے مطابق 10 میں سے صرف 4 لوگوں کا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ کو عام امریکیوں کی کوئی پرواہ ہے۔ صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ معاشی معاملات چلانے میں ٹرمپ کی عوام میں پسندیدگی میں کمی آئی ہے۔ 48 فیصد نے اس معاملے میں عدم اطمینان جبکہ 42 فیصد نے اعتماد کا اظہار کیا۔