Friday, April 19, 2024

امریکی کمپنی کا پہیے جیسے خلائی اسٹیشن کی تعمیر کا اعلان

امریکی کمپنی کا پہیے جیسے خلائی اسٹیشن کی تعمیر کا اعلان
March 2, 2021

ورجینیا (92 نیوز) امریکی کمپنی نے زمین کے گرد مدار میں ایک بڑے پہیے جیسے خلائی اسٹیشن کی تعمیر کا اعلان کردیا۔

امریکی کمپنی ’’ آربٹل اسمبلی کارپوریشن ‘‘ پہیے جیسے خلائی اسٹیشن کی تعمیر کرے گی۔ خلائی اسٹیشن اپنے محور پر چکر لگاتے دوران مصنوعی کششِ ثقل بھی پیدا کرے گا۔

اس طرح کے تصوراتی خلائی اسٹیشن اپنے محور کے گرد چکر لگاتے ہیں جس سے ان کے بیرونی کناروں پر مرکز گریز قوت پیدا ہوتی ہے جو اسٹیشن پر موجود ہر چیز کو باہر کی طرف دھکیلتی ہے۔

اس طرح سائنس فکشن فلموں کے خلائی اسٹیشنوں میں، جناتی ٹیوبوں جیسے بیرونی کناروں کے اندر، مصنوعی کششِ ثقل پیدا کی جاتی ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں انسانوں والی بستیاں آباد دکھائی جاتی ہیں۔

اس مجوزہ خلائی اسٹیشن کو ’’وائیجر کلاس اسپیس اسٹیشن‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی تعمیر کا آغاز 2025 سے بتدریج کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر مزید 10 سے 15 سال تک مکمل کرلیا جائے گا۔