Sunday, September 8, 2024

امریکی کمپنی بلوم برگ نے پاکستان کو ایشیا کی نمبرون مارکیٹ قرار دے دیا

امریکی کمپنی بلوم برگ نے پاکستان کو ایشیا کی نمبرون مارکیٹ قرار دے دیا
July 14, 2016
لاہور (92نیوز) دنیا میں معیشت کے بارے میں خبریں دینے والی امریکی کمپنی بلوم برگ نے پاکستان کو ایشیا کی نمبرون مارکیٹ قرار دے دیا۔ بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین ملک بن چکا ہے جس کی بڑی وجوہات پاکستانی کمپنیاں اور سی پیک منصوبے کی مد میں چین کی چھیالیس ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک عرصہ سے معاشی بدحالی کا شکار پاکستان کی معیشت میں بالآخر بہتری آ ہی گئی۔ بلوم برگ کی شائع کردہ رپورٹ میں پاکستان کو ایشیا کی نمبرون مارکیٹ قرار دیا گیا ہے۔ ادھر مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل نے بھی بلوم برگ کے موقف کی تائید کی ہے جس کا کہنا ہے پاکستان مستقبل میں سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش مارکیٹ بن سکتا ہے جس کی بڑی وجہ مارکیٹ میں شفافیت ہے۔ بلوم برگ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی مارکیٹ ایشیا کی سب سے اہم پرفارمنگ مارکیٹ ہے جس میں کراچی اسٹاک ایکسچینج میں بہتری آنا ہے۔ صرف بلوم برگ ہی نہیں دنیا کے اہم ماہر ین معیشت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں پاکستان کی مارکیٹ میں مزید بہتری آنے کے ستر فیصدامکانات ہیں۔ سٹاک ہوم بیسڈ سرمایہ کاری کے آفیسر میسٹیئس مارٹیسن کہتے ہیں کہ پاکستانی معیشت تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ ایم ایس سی آئی فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس کے مطابق پاکستان کی سولہ کمپنیوں نے بھی مارکیٹ کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے حتیٰ کہ وہ ہمسایہ ملک بھارت کی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ گئی ہیں۔ بلوم برگ کا مزید کہنا ہے کہ یہ پاکستانی حکومت کی سنجیدگی ہے جس کی وجہ سے پاکستان ایسے سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا مرکز نگاہ ہے جو سرمایہ کاری کے لیے امریکہ اور چین کا متبادل تلاش کر رہے ہیں۔