Friday, May 17, 2024

امریکی کمانڈر نے افغان صورتحال کی ذمہ داری خود لینے کی بجائے ملبہ پاکستان پرڈال دیا

امریکی کمانڈر نے افغان صورتحال کی ذمہ داری خود لینے کی بجائے ملبہ پاکستان پرڈال دیا
August 27, 2017

کابل (92 نیوز) افغانستان میں موجود امریکی افواج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر طالبان کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے باہر موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں سنجیدہ صورت حال اختیار کرچکی ہیں اور اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

افغانستان میں اتحادی فوج کے امریکی کمانڈر جان نکلسن نے افغان صورتحال کی ذمہ داری خود لینے کی بجائے ایک بار پھر آسان ہدف سمجھتے ہوئے ملبہ پاکستان پر ڈال دیا اور حسب معمول نام نہاد الزامات کی بوچھاڑ کردی ہے۔

افغان میڈیا کودئیے گے انٹرویو میں امریکی جنرل نے پہلے پاکستانی قوم اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربیانیوں کو خوب سراہا۔

پاکستانی قوم کو مکھن لگانے کے بعد امریکی جنرل نے پھر پاکستان کے خلاف خوب زہر اگلا اور دہشت گردوں کی پاکستان میں موجودگی سمیت کئی من گھرٹ الزامات لگا دئیے۔

ایک سوال کے جواب میں جنرل جان نکلسن کا کہنا تھا کہ سرحد پار دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے حوالے سے امریکہ اور پاکستان میں اہم مذاکرات ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی بریک تھرو نہیں ہوا۔

افغان طالبان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی کمانڈر کا کہنا تھا کہ طالبان میدان میں جنگ نہیں جیت سکتے لیکن امن مذاکرات میں شامل ہونے پر ان کو خوش آمدید کہیں گے۔

جنرل جان نکلسن نے آخر میں اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پانچ سال بعد افغانستان ایسا پرامن ملک بن جائے کہ وہ اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ یہاں چھٹیاں گزارنے آئیں۔