Friday, April 19, 2024

امریکی کانگریس کے وفد کا دورہ آزاد کشمیر ، صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات

امریکی کانگریس کے وفد کا دورہ آزاد کشمیر ، صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات
October 6, 2019
مظفر آباد ( 92 نیوز) امریکی کانگریس کے وفد نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا جہاں صدر  سردار مسعود اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے ملاقات کی گئی ۔  مقبوضہ کشمیر کی صورت حال  اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر بریفنگ بھی دی گئی امریکی کانگریس ارکان اور سینٹ کے وفد نے مظفرآباد کا دورہ کیا ہے ، وفد میں سینٹر کرس وان ہولن, میگی حسن اور امریکی ناظم الامور پاول جونز سمیت دیگر حکام شامل تھے، امریکی وفد کے دورے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے 5 اگست کے غاصبانہ اقدام کے تناظر میں آزاد کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  میجر جنرل عامر نے امریکی وفد کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا،امریکی وفد نے آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کیں،اس موقع پر آزاد کشمیر کی قیادت نے امریکی وفد کے دورے اور کشمیریوں کی جدوجہد کو سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  توقع ہے کہ امریکی وفد اپنے مشاہدے سے دنیا کو حقائق سےآگاہ کرے گا۔ امریکی وفد کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی صورتحال اور مختلف پہلوؤں بارے بھی بتایا گیا،امریکی وفد کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بدترین انسانی صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی ۔واضح رہے کہ امریکی وفد کو بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر جانے سے روک دیاتھا۔ امریکی سینیٹرز نے مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فوری کرفیو ختم کرکے تمام قیدیوں کو رہاکرے،مسئلہ کشمیر کی مستقل اور دیرپا حل کیلئے کوششیں کی جانی چاہئیں۔