Tuesday, May 21, 2024

امریکی کانگریس کمیٹی میں 22 اکتوبر کو مسئلہ کشمیر پر بحث ہوگی

امریکی کانگریس کمیٹی میں 22 اکتوبر کو مسئلہ کشمیر پر بحث ہوگی
October 3, 2019
واشنگٹن (ویب ڈیسک) پاکستان کی موثر سفارتی کوششوں کے باعث امریکی کانگریس  کمیٹی میں 22 اکتوبر کو مسئلہ کشمیر زیر بحث لایا جائے گا۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی کانگریس کی سب کمیٹی برائے ایشیا کے چیئرمین بریڈ شرمین نے اپنے بیان میں بتایا کہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے کمیٹی کا اجلاس 22 اکتوبر ہو گا جس میں امریکی قائم مقام معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا ایلس ویلز بھی شرکت کریں گی۔ اطلاعات کے مطابق امریکی کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں بالخصوص کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، اشیائے خورد ونوش کی کمی، ادویہ کے فقدان، سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری اور مواصلاتی نظام کی جبری بندش پر گفتگو کی جائے گی۔ گزشتہ روز  کرفیو کے 59ویں روز بھی مقبوضہ وادی کے مسلم اکثریتی علاقوں کا بھارتی فوجی محاصرہ برقرار رہا ، جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح سے مفلوج رہی ۔ دکانیں ، بازار ، کاروباری اور تعلیمی ادارے بند رہے  جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی ،کشمیریوں کو غذا ، ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے ۔ دور دراز علاقوں کے مریضوں کو ہسپتالوں میں پہنچنے میں شدید دشوار ی کا سامان ہے ۔ انٹرنیٹ کی معطلی کی وجہ سے کاروباری طبقہ بھی شدید متاثر ہے ۔