Tuesday, May 14, 2024

امریکی پولیس کے ہاتھوں ریاست لوزیانا میں ایک اور سیاہ فام قتل

امریکی پولیس کے ہاتھوں ریاست لوزیانا میں ایک اور سیاہ فام قتل
August 23, 2020
لوزیانا (92 نیوز) امریکا میں ایک اور سیاہ فام شہری پولیس کے ہاتھوں مارا گیا۔ 31 سالہ ٹریفور کو گولیاں مارکر ہلاک کیا گیا۔ ایک اور ہلاکت پر بلیک لائیو میٹرز نے ری پبلکن کے کنونشن کیلئے مختص ہال کے باہر شدید احتجاج اور توڑ پھوڑ کی۔ امریکا میں سیاہ فام افراد کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ ریاست لیوزیانا میں 31 سالہ سیاہ فام شخص کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت ٹریفور ڈپیلیرن کے نام سے ہوئی ہے۔ لیوزیانا پولیس نے مقتول کو 11 گولیاں ماریں جس کے بعد سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ واقعے کے خلاف بلیک لائیو میٹرز کے درجنوں کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ انہیں ایک فون کال موصول ہوئی اور بتایا گیا کہ ایک شخص اسٹور میں گھسنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کے ہاتھ میں چاقو ہے، پولیس نے پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہونے لگا جس کی وجہ سے پولیس نے گولی چلائی۔ امریکا میں نسلی تعصب خاص طور پر پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام شہریوں کی ہلاکت اور ان کے ساتھ غیرمنصفانہ سلوک کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، ماضی میں بھی اس طرح کے سیکڑوں واقعات ہوچکے ہیں اور اس پر مظاہرے بھی ہوتے رہے۔